صحت

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کی پاکستان ینگ ریسکیوٹیم کو عالمی مقابلہ جات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد

ایسے عالمی مقابلہ جات ممالک کے درمیان دوستی، ہم آہنگی اور علاقائی ثقافتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے آذربائیجان میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل ینگ ریسکیور مقابلہ جات میں پاکستان ینگ ریسکیو ٹیم کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ رواں سال 25 جون سے 2 جولائی تک ان مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جس میں کل 22ٹیموں میں حصہ لیا جس میں 16 ٹیمیں آذربائیجان سے جبکہ چھ ٹیموں نے دنیا کے مختلف ممالک سے ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔
پاکستان ینگ ریسکیو ٹیم 10 ممبران پر مشتمل تھی جسکی قیادت محمد احسن نے کی جبکہ ٹیم کے کوچ ابرار حسن اورانجینئر ذوہیب اصغر بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔ پاکستان ینگ ریسکیو ٹیم نے چار مقابلوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کیا جن میں فائر فائٹنگ ریلے، رکاوٹوں پہ مشتمل کورس، تلاش اور بچاؤ کے آپریشنز، اور ایک پروگرام تصویری کلچرل نمائش کا بھی شامل تھا۔ان بین الاقوامی بچوں و نوجوانوں کے مقابلے ”ینگ ریسکیور” 2023 کا مقصد نوجوانوں کی تنظیموں اور مختلف ممالک کے نوجوان ریسکیورز کے درمیان بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ ان مقابلہ جات میں ہنگامی حالات میں ریسپانس اوراس سے نمٹنے کے لئے ابتدائی طبی امداد کی مہارتوں کی صلاحتیوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔مزید برآں مقابوں کا مقصد نوجوان افراد میں صحت مند اور محفوظ طرز زندگی کو فروغ دینا، ذاتی اور اجتماعی سیفٹی کے حوالے سے ذمہ داری اور بیداری کا احساس پیدا کرنا تھا۔
پاکستان ینگ ریسکیو ٹیم کے استقبال کے لیے منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے نوجوان رضاکار ریسکیورز کی تعریف کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مقابلے نے نوجوانوں اور کم عمر اسکول کے بچوں کی ہنگامی تیاریوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ ذاتی اور عوامی تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ انداز کو فروغ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل چلڈرن اینڈ یوتھ مقابلہ جات”ینگ ریسکیور” سال 2023 میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں پاکستان ینگ ریسکیو ٹیم کی کامیابی ان کی محنت، مہارت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کی کامیابی نہ صرف اپنے لیے بلکہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ اور پوری قوم کے لیے اعزاز کا باعث ہے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے مقابلہ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جو بچوں اور نوجوانوں کی حفاظت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون اور تجربات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس طرح کے اقدامات حصہ لینے والے ممالک کے درمیان دوستی، ہم آہنگی اور علاقائی ثقافتوں کے انضمام کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button