
مشرق وسطیٰ
چیف سیکرٹری کا بارشی پانی کے نکاس کا جائزہ لینے کیلئے کلمہ چوک انڈر پاس، مختلف شاہراہوں کا دورہ
پانی کے جلد از جلد نکاس کیلئے تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):شہر میں تیز بارش کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان جمعرات کے روز فیلڈ میں موجود رہے اور مختلف شاہراہوں اور کلمہ چوک انڈر پاس کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کے جلد از جلد نکاس کیلئے تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں، محکموں کے سیکرٹریز کو بھی انڈر پاسز اور ڈسپوزل سٹیشنوں کا معائنہ کر نے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے حکم دیا کہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اورنشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے مزید پمپس نصب کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے مسلسل بارش کے باعث پیدا کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے سے متعلق احکامات بھی جاری کئے۔