
ڈویژنل سپورٹس آفیسر شیرین حنا اصغر کی ریلوے سٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور کوچز سے ملاقات
کھلاڑی محکمے کی پہچان اور ملک کا سفیر ہوتا ہے۔ کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): ڈویژنل سپورٹس آفیسر شیرین حنا اصغر نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمد سفیان سرفراز ڈوگر کی ہدایت پر اتوار کے روز ریلوے سٹیڈیم میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں، کوچز اور انچارچز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، بالی والی، کبڈی، فٹ بال، جڈوکراٹے، ہاکی، ہینڈ بال، باڈی بلڈنگ، کرکٹ، باسکٹ بال سمیت دیگر گیمز کے کھلاڑیوں اور کوچز سے ملاقات کے دوران سپورٹس کو تفریحات کی بجائے ترجیحات کے طور پر آگے بڑھانے کے حوالے سے تجاویز لی گئی اور ساتھ ہی ساتھ کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔ ملاقات کے دوران سپورٹس انچارجز نے لاہور ڈویژن سپورٹس کارکردگی کے حوالے سے سال 2022 اور 2023 کی رپورٹ بھی پیش کی جس پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ایس او نے کھلاڑیوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہترین ڈسپلن اور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چمپیئن شپس، نیشنل اور انٹرنیشنل معیار کی سپورٹس میں ریلوے کا نام روشن کریں اور ادارے کی عزت و توقیر کیلئے اعزازات جیتیں۔ اس کےعلاوہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب خالصتا میرٹ پر کیا جائے گا اور کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے گا