
ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے پیش نظر وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود متحرک
وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کی جانب سے فیلڈ کے دفاتر اور مشینری کو مکمل متحرک کرنے احکامات جاری , تمام فیلڈ افسران کی فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنائیں۔
اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کے پیش نظر وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسزمولانا اسعد محمودنے ملک بھر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے متعلقہ افسران و عملہ کو ہائی الرٹ کردیاہے۔اس ضمن میں وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے وفاقی وزیر مواصلات سے ایک اہم ملاقات کی،جس میں انہوں نے وفاقی وزیر مواصلات کو مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث ہونے والی تمام تر صورت حال سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ گھمبیر صورت حال سے نمٹنے کیلئے فیلڈ کے مختلف دفاتر کے افسران و متعلقہ عملہ کو متحرک کیا جائے اور تمام تر ضروری مشینری کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کا متعلقہ عملہ قومی شاہراہوں کو ہمہ وقت بحال رکھنے کیلئے مون سون بارشوں کے دوران ہائی الرٹ رہے۔انہو ں نے مزید کہا کہ این ایچ اے ان بارشوں کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے پوری طرح پُرعزم ہے۔وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تمام ممبرز،جنرل منیجرز اور فیلڈ کے عملے کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مون سون کی ان بارشوں کے دوران اپنے فرائض منصبی پوری خوش اسلوبی سے انجام دیں اور اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہ کر نہ صرف تمام تر صورت حال سے فوری طور پر نمٹنے کو یقینی بنائیں بلکہ تمام قومی شاہراہوں کو ہمہ وقت بحال رکھنے کی پوری کوشش کریں تاکہ شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی اور تردد نہ ہوسکے اور ٹریفک کی آمدورفت جاری رہ سکے۔