لاہور پولیس نے محرم الحرام کے دوران قیام ِ امن کے لئے مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا
صوبائی دارالحکومت میں کیٹگری اے کی 38،کیٹگری بی کی161اور کیٹگری سی کی 28 مجالس منعقد ہوں گی۔خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ بلال صدیق کمیانہ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہور پولیس نے محرم الحرام کے دوران قیام ِ امن کے لئے مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی اور پولیس افسران و اہلکارجامع سیکورٹی کو یقینی بنائیں گے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں کیٹگری اے کی 38،کیٹگری بی کی161اور کیٹگری سی کی 28 مجالس منعقد ہوں گی۔ لاہور میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کے ہاٹ سپاٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اے کیٹیگری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی چیکنگ کیلئے سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ محرم الحرام کے روٹس کی سیکورٹی کیمروں سے 24 گھنٹے نگرانی کی جائے گی۔اس مقصد کے لیے سینٹرل کنٹرول روم قائم کیا گیاہے۔اسی طرح محرم کے جلوسوں اور مجالس کی جگہوں پر روشنی کا بہترین انتظام کیا جائے گا۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے ایس او پیزپر عملدرآمدیقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے امکان کے پیش ِنظر ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے تعاون سے جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک اور بجلی کی لٹکتی تاریں ہٹانے سمیت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ حساس جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔
سی سی پی او نے ہدایت کی کہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنزاور فلیگ مارچ کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ پولیس افسران علما کرام، منتظمین اورمجالس و جلوس لائسنس ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ اسی طرح محرم جلوسوں اور مجالس کے پر امن انعقاد اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔