مشرق وسطیٰ

سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی 120 خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے اشتہار جلد از جلد شائع کروایا جائے۔ ڈاکٹر جمال ناصر

سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں ایمرجینسی وارڈز کو بھی فعال کیا جائے اور وہاں آنے والے ہر شہری کو طبی امداد فراہم کی جائے۔ عام شہریوں کا علاج شروع ہونے کے بعد سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں دل کے امراض اور حاملہ عورتوں کے ڈیلیوری آپریشن کرنے کے لئے حکومت پنجاب مالی معاونت فراہم کرے گی

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں صنعتی کارکنوں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کا بھی علاج کیا جائے گا چنانچہ ان ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی 120 خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے اشتہار جلد از جلد شائع کروایا جائے۔ عام شہریوں کو علاج معالجے کی سہولتیں مہیا کرنے سے ان ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا اس لئے نہ صرف پیرا میڈیکل سٹاف کی خالی اسامیوں پر بھرتی کے جائے بلکہ ان کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائے۔سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں ایمرجینسی وارڈز کو بھی فعال کیا جائے اور وہاں آنے والے ہر شہری کو طبی امداد فراہم کی جائے۔ عام شہریوں کا علاج شروع ہونے کے بعد سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں دل کے امراض اور حاملہ عورتوں کے ڈیلیوری آپریشن کرنے کے لئے حکومت پنجاب مالی معاونت فراہم کرے گی۔
وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کی زیر صدارت سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے علاج کے انتظامات کے لئے سفارشات مرتب کرنے کے لئے کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ، کمشنر سوشل سیکورٹی نادیہ ثاقب اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں دستیاب وافر طبی سہولیات بھرپور طور پر استعمال نہیں ہوتیں، ان سے عام شہریوں کو بھی فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔ان ہسپتالوں میں صرف 64 فیصد بستر استعمال ہوتے ہیں، باقی خالی رہتے ہیں۔ انہیں دیگر عام مریضوں کے استعمال میں لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے علاج کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی خاطر سفارشات کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں صنعتی مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کا علاج ترجیحی بنیادوں پر جاری رہے گا۔ حکومت پنجاب سوشل سیکورٹی ہسپتالوں کو عام شہریوں کے علاج معالجے کے اخراجات مہیا کرے گی۔سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام شہریوں کیلئے کھولنے سے لاہور سمیت صوبہ بھر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہو گا۔ ان ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ مریضوں کے علاج کیلئے ان کی استعداد بھی بڑھائی جا رہی ہے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام شہریوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button