متحدہ عرب امارات میں فلم ’باربی‘ کو نمائش کی اجازت مل گئی
یو اے ای کے حکام نے فلم کی نمائش میں تاخیر کی وضاحت نہیں کی، اور یہ معاملہ سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں بھی سامنے آیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے فلم ’باربی‘ کے مواد پر ممکنہ مسائل کے باعث ایک ماہ کی تاخیر کے بعد اس کی نمائش کی اجازت دے دی ہے۔
یو اے ای کے حکام نے فلم کی نمائش میں تاخیر کی وضاحت نہیں کی، اور یہ معاملہ سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں بھی سامنے آیا ہے۔
یو اے ای کی میڈیا کونسل نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ضروری طریقہ کار، میڈیا کے طے شدہ مواد کے معیار اور عمر کی درجہ بندی کے مطابق جائزہ لینے کے بعد فلم ’باربی‘ کو ملک کے لائسنس یافتہ سنیما گھروں میں نمائش کی اجازت دی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر’باربی‘ کی نمائش 20 جولائی کو ہونا تھی تاہم جولائی میں سنیما گھروں کی ویب سائٹس نے متحدہ عرب امارات میں فلم کی نمائش کی تاریخ 31 اگست مقرر کردی۔
باربی کے مرکزی کرداروں میں مارگوٹ روبی، ریان گاسلینگ، گریٹا گیروِگ، وِل فیرل، ایما میک کے اور سِیمو لِیو شامل ہیں۔ باربی کی ہدایت کاری گریٹار گیروِگ نے کی ہے۔
اس فلم کی کہانی ’باربی ورلڈ‘ میں رہنے والی باربی (مارگوٹ روبی) اور کین (ریان گاسلینگ) کے گرد گھومتی ہے جو اپنے باربی ورلڈ سے باہر کی دنیا میں آتے ہیں اور پھر انسانوں کے درمیان خوشیاں اور خطرات کو ڈھونڈتے ہیں۔
اس فلم کو ریان گاسلینگ اور مارگوٹ روبی کے کردار کے باعث ریلیز سے پہلے ہی غیر معمولی شہرت ملی جس کے بعد دنیا بھر کے سنیما گھروں میں فلم کے مداح باربی کے ملبوسات جن میں گلابی رنگ نمایاں ہے، وہ پہن کر فلم دیکھنے جا رہے ہیں۔