تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری میں ڈائلیسز 14 اگست سے شروع کیا جا رہا ہے
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر ٹی ایچ کیو مری کو ماڈل ہسپتال بنایا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب ہسپتال نے 82 بیڈز کا سٹیٹس بحال کر دیا گیا ہے، ڈاکٹرز اور نرسز کو ساملی سینیٹوریم میں وقتی رہائشیں فراہم کی جا رہی ہیں، ڈاکٹر جمال ناصر کی مریضوں سے گفتگو اور اجلاس کی صدارت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر گردے کے مریضوں کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری میں ڈائلیسز 14 اگست سے شروع کیا جا رہا ہے ۔اس مقصد کے لئے یہاں چھ ڈائلیسسز مشینیں مہیا کی گئی ہیں جن کے لئے آر او پلانٹ اور بورنگ کا کام دو دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔راولپنڈی انسٹیٹیوٹ اف یورالوجی سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکلز ٹی ایچ کیو مری میں موجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹریننگ کریں گے جس کے بعد یہاں باقاعدہ طور پر ڈائلیسسز کی سہولت مہیا کر دی جائے گی۔ ضرورت کے مطابق ڈائلیسسز کا عمل دو شفٹوں میں بھی شروع کیا جا سکتا ہے اور مریضوں کی تعداد اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائلیسسز مشینوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ٹی ایچ کیو مری کے لئے بجٹ کی فراہمی 82 بیڈز کے مطابق بحال کرکے جاری کر دی گئی ہے ۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور نرسز کی رہائش کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کیلئے ساملی سینیٹوریم میں عارضی طور پر 16 کمروں کا انتظام کیا گیا ہے۔
ٹی ایچ کیو مری میں نرسز کی کمی پورا کرنے کے لئے 22 نرسز کو بھرتی کیا گیا ہے ۔ ٹی ایچ کے مری کی لیبارٹری 24 گھنٹے کام کرے گی اور یہاں پر عملہ کی کمی کو دور کرنے کے لئے آٹھ ٹیکنیشنز کو ایڈ ہاک بنیادوں پر بھرتی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے لواحقین کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ٹی ایچ کیو مری کی کینٹین کے ٹھیکیدار کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے ورنہ ٹھیکہ منسوخ کر دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ او پی ڈی میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو بہترین سہولیات مہیا کی جا سکیں اور اس کے ساتھ ساتھ ہسپتال کے کاؤنٹر پر پرچی بنانے والے سٹاف کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑے۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ڈائلیسسز یونٹ میں بھی گئے جہاں پر انہوں نے اور پلانٹ اور بورنگ کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔