
کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں پر بھی عمل کر کے تھانے کے معاملات کو بہتر کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی
آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق تھانوں کی ورکنگ اور حالت کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہنگا می بنیادوں پرکا م جاری
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے کہاہے کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق تھانوں کی ورکنگ اور حالت کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہنگا می بنیادوں پر کام جاری ہے۔ تھانوں میں صفائی ستھرائی سے لے کر رنگ و روغن سمیت فرنٹ ڈیسک میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ واش رومزکی صفائی اور فورس کے رہنے کے لئے مختص کمروں کو بہتر بنانے کے لئے شب و روز کام کیا جا رہا ہے۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر مختلف تھانوں کے سرپرائز وزٹ کرکے ورکنگ کا جائزہ لے رہے ہیں۔اس ضمن میں مختلف ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو تھانوں کا وزٹ کر رہی ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تھانوں میں سہولیات کی فراہمی اور تھانہ کلچر کو بہتر بنانے کیلئے لاہور پولیس بھرپور محنت کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ لاہو ربھر کے تھانوں کی نہ صرف اَپ لفٹنگ کی جا رہی ہے بلکہ انہیں حقیقی معنوں میں عوام کیلئے تحفظ کی جگہ بنایا جا رہاہے۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کی جان مال اور عزت کی حفاظت لاہور پولیس کی اولین ترجیحات اور فرائض میں شامل ہے اور اس کیلئے کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں رکھا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ تھانوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب تمام فنڈ مہیا کر رہی ہے اور مزید فنڈز بھی مہیا کرے گی۔کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں پر بھی عمل کر کے تھانے کے معاملات کو بہتر کیا جائے گا۔