
ڈاکٹر جمال ناصر کا سرگودھا اور چنیوٹ کے اضلاع کا دورہ ، سیلاب سے متوقع طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی تیاری کا جائزہ لیا
وزیرصحت کاتحصیل ساہیوال ضلع سرگودھااور لالیاں ضلع چنیوٹ میں تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتالوں کا بھی دورہ ،لیبارٹریاں 24 گھنٹے آپریشنل رکھنے اور مریضوں کو تمام سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے ممکنہ سیلاب سے متوقع طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی تیاری کا جائزہ لینے کے لئے سرگودھا اور چنیوٹ کے اضلاع کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے سرگودھا میں دریائے جہلم پر لنگر والا کے مقام پر منعقدہ موک ایکسر سائز کا معائنہ کیا جبکہ چنیوٹ میں انہیں ڈپٹی کمشنر آفس میں امدادی کارروائیوں کی تیاری کے بارے میں بریفننگ دی گئی ۔
صوبائی وزیر نے سرگودھا میں موک ایکسرسائز اور امدادی کارروائیوں کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے ایک ہفتہ انتہائی اہم ہے لہذا تمام محکمے الرٹ رہیں اور اپنی آپریشنل تیاریاں مکمل رکھیں۔ پنجاب میں 11 سے 14 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایاگیا کہ دریائے جہلم میں طغیانی کی صورت میں لنگر والا کے پچاس دیہات متاثر ہو سکتے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ نے چار فلڈ ریلیف کیمپ کیے ہیں ۔تحصیل ساہیوال سمیت ضلع بھر میں بارشوں اور سلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے ہر ممکن اقدامات کر رکھے ہیں موک ایکسرسائز میں ریسکیو 1122 کے جوانوں نے دیگر محکموں کے اشتراک سے دریامیں پھنسے افراد کو نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا ۔
صوبائی وزیر نے موک ایکسر سائز کے موقع پر مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا بھی تفصیلی معائنہ کیا ۔
بعد ازاں صوبائی وزیر صحت وبہبو دآبادی ڈاکٹر جمال ناصر تحصیل ساہیوال ضلع سرگودھا اور لالیاں ضلع چنیوٹ میں واقع تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے مریضوں کو فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ اور طبی عملہ کی حاضری ودستیابی چیک کی۔ انہوں نے ایمر جنسی اور فارمیسی سمیت مختلف وارڈ ز کا بھی معائنہ کیا او رمریضوں کی خیریت دریافت کی ۔
انہوں نے لوگوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ہسپتالوں کے تمام امور بہتر کرنے کی وارننگ دی۔
قبل ازیں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے رورل ہیلتھ سنٹر جھاوریاں کا اچانک معائنہ کیا تو ہسپتال کے ابتر حالات پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سی او ہیلتھ کو ضلع بھر کے تمام رورل ہیلتھ سنٹر کو رنگ وروغن کروانے اور لیبارٹریاں 24گھنٹے فنکشنل رکھنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ڈاکٹر اسد اسلم سے ضلع میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کے علاوہ ہسپتالوں میں عدم دستیاب سہولتوں کو یقینی بنانے کی تفصیلات بھی طلب کر لی۔
چنیوٹ کے دورے کے موقع پر وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر جمال ناصر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لالیاں کا وزٹ کیا۔ بعد ازاں صوبائی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔ صوبائی وزیر کو دریائی کٹاؤ کی روک تھام بارے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر مطمئن ہوں۔وزیر اعلی پنجاب نے بھی دریائی کٹاؤ والے ایریا کا خود وزٹ کیا تھا اور وہاں آبادیوں کو محفوظ کرنے کیلئے حفاظتی بند کی تعمیر کیئے فنڈز بھی فوری منظور کئے۔سیلاب متاثرین کو حکومت پنجاب تمام سہولیات فراہم کرے گی۔