
کھیلوں کے میدان میں پاکستانی کھلاڑی دہائیوں سے دنیا بھر میں اپنا سِکہ منواتے آئے ہیں، صوبائی نگران وزیر ابراہیم مراد
صوبائی نگران وزیر ابراہیم مراد نے پاکستان اے کرکٹ ٹیم کو ایمرجنگ ایشیاء کپ کے فائنل میچ میں بھارت اے کی ٹیم کو شکست دینے پر تہہ دل سے مبارکباد دی
لاہورپاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی نگران وزیر ابراہیم مراد نے پاکستان اے کرکٹ ٹیم کو ایمرجنگ ایشیاء کپ کے فائنل میچ میں بھارت اے کی ٹیم کو شکست دینے پر تہہ دل سے مبارکباد دی۔ ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر اس طرز کی کامیابی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے اور سب میں خوشی کی ایک لہر دوڑ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں پاکستانی کھلاڑی دہائیوں سے دنیا بھر میں اپنا سِکہ منواتے آئے ہیں. پاکستان کے شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کو ایمرجنگ ایشیا کپ 2023 کے ہائی والٹیج فائنل میچ میں 128 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی. پوری قوم کو اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔
ابراہیم مراد نے سکواش پلئیر حمزہ خان کو جونئیر سکواش چیمپئن شپ آسٹریلیا 2023 کا ٹائٹل جیتنے پر بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ہر پاکستانی کے لئے قابلِ فخر ہے کہ 17 سالہ حمزہ خان نے 37 سال کے لمبے عرصے کے بعد یہ ٹائٹل پاکستان کے لئے جیتا ہے۔ ابراہیم مراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ حمزہ خان نے اس کامیابی کے ساتھ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے جونئیر سکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل پاکستان کے لئے جان شیر خان نے 1986 میں جیتا تھا۔ صوبائی نگران وزیر کا آخر میں کہنا تھا کہ حمزہ خان جیسے نوجوان پوری قوم کے لئے باعثِ فخر اور ہمارے نوجوانوں کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔ پورے ملک میں ہر طرح کے کھلاڑیوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات میسر ہونی چاہیے تاکہ ہمارے نوجوان پڑھائی کے ساتھ ساتھ پوری لگن سے کھیلوں میں بھی حصہ لے سکیں۔