
سی سی پی او لاہور کا منشیات فروشوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز کرنے اور ٹریفک سگنلز پر سرگرم بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
بھکاریوں کے ہینڈلرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،ہوائی فائرنگ کے ایریاز کی نشاندہی کر کے ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے والدین بچوں کو سگریٹ نوشی سمیت ہر قسم کے نشہ سے دور رکھیں، شہری اپنے ارد گرد نشہ کرنے والے افراد کی موجودگی کی اطلاع فوراََ متعلقہ پولیس کو دیں بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اجلاس، اشتہاری و عادی مجرمان، منشیات فروشوں، بھکاری مافیا کی گرفتاری اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہو اجس میں اشتہاری و عادی مجرمان، منشیات فروشوں، بھکاری مافیا کی گرفتاری اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں منشیات فروشوں کی گرفتاری، نشہ کے عادی افراد کی بحالی سنٹرز منتقلی اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے کارکردگی کابھی جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پولیس فورس کو منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز کرنے کی ہدایت کی اور ٹریفک سگنلز پر سرگرم بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بھکاریوں کے ہینڈلرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے ارد گرد نشہ کرنے والے افراد کی موجودگی کی اطلاع فوراََ متعلقہ پولیس کو دیں۔سی سی پی او نے کہا کہ نشہ کرنے والے افراد کی بحالی ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے۔نشہ ایک لعنت ہے ہمیں اپنی نسلوں کو اس سے بچانا ہے۔ بحالی سنٹرز میں نشہ کے عادی افراد کا خصوصی علاج کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو سگریٹ نوشی سمیت ہر قسم کے نشہ سے دور رکھیں۔ نشہ کے استعمال کے خلاف عوامی رائے عامہ ہموار کرنے میں علماء کرام اور میڈیا کاکردار اہم ہے۔ سی سی پی او لاہورنے ہوائی فائرنگ کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے ایریاز کی نشاندہی کر کے ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے عادی مجرمان کے خلاف کارروائی عمل میں لانے اور کرائم کنٹرول کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بے گناہ افراد کو ہراساں نہ کیا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے مزیدکہا کہ شہریوں کوبروقت انصاف کی فراہمی اولین مشن ہے۔ ورکنگ انوائرنمنٹ کو مزید بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔پولیس اسٹیشنز کے انفراسٹرکچر میں جدت سے سروس ڈلیوری کامعیار بہتر ہوگا۔ ڈی آئی جی(آپریشنز) سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور،ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز) صہیب اشرف، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ایس پی(اے وی ایل ایس) رانا زاہد اور ڈویژنل ایس پیز نے اجلاس میں شرکت کی۔