ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام متعلقہ محکمے مکمل ہم آہنگی سے کام کریں-ڈاکٹر جمال ناصر
اس سال پنجاب میں ڈینگی کے678 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، کوئی بھی شہری ڈینگی سے جاں بحق نہیں ہوا۔ ڈینگی بخار کے علاج، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں، علی جان خان سیکرٹری صحت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئرڈاکٹر جمال ناصر نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام متعلقہ محکمے مکمل ہم آہنگی سے کام کریں-یکم جنوری سے اب تک پنجاب کے کل 36 اضلاع میں ڈینگی کے678 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔ موثر اقدامات اور علاج معالجے کی سہولتوں کی دستیابی کے باعث رواں سال کے دوران پنجاب کا کوئی بھی شہری ڈینگی کی وجہ سے جاں بحق نہیں ہوا۔محکمہ صحت کی طرف سے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 2678 بیڈ مختص کئے گئے ہیں جن میں سے اس وقت صرف 35 بیڈز ڈینگی مریضوں کے زیر استعمال ہیں – گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 38 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ڈینگی مریضوں کے مفت علاج کے لئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں خصوصی ڈینگی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں آنے والے مریض اپنا شناختی کارڈ دکھا کر چیک اپ کے لئے مفت پرچی بنوا سکتے ہیں۔ ان کی نبض، بخار اور بلڈ پریشر چیک کرنے کے بعد خون کا نمونہ حاصل کر کے سی بی سی بلڈ ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ اور علامات کی موجودگی کی صورت میں ڈینگی کے مریض کو ہسپتال داخل کر لیا جاتا ہے۔ڈینگی کے علاج کے لئے یہاں تربیت یافتہ ڈاکٹر کی موجودگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
سیکرٹر ی پرائمری ہیلتھ کیئر علی جان خان نے صوبے میں ڈینگی کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی بخار کے علاج، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ اس سال کے شروع سے اب تک ضلع لاہور میں ڈینگی کے 211 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز 21 نئے مریض سامنے آئے۔ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 30 مریض زیر علاج ہیں۔ ملتان میں کل 123 ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز دو نئے مریض سامنے آئے۔ اس سال کے دوران روالپنڈی میں ڈینگی کے کل 101 مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز پانچ نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے دو دو نئے مریض سامنے آئے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ننکانہ صاحب، ڈیرہ غازی خان، وہاڑی، بہاولپور اور اوکاڑہ میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔