دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ : الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے بھی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے, ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز سمیت دیہی رپورٹنگ سنٹرز بھی مکمل فعال ہیں, دریائے ستلج سے ملحقہ تمام اضلاع کو سیلابی صورتحال میں استعمال ہونے والا سامان مہیا کر دیا گیا ہے۔نبیل جاوید
لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):پنجاب کے صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ دریائے ستلج کے ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کا بہاؤ 73 ہزار 559 کیوسک ہے جس کی وجہ سے آئندہ 24 گھنٹے میں اونچے درجے کا سیلاب ہوگا، لہٰذا انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پی ڈی ایم اے کے ریلیف اقدامات جاری ہیں جہاں ضلع بہاولنگر، قصو، اوکاڑہ، پاکپتن، ویہاڑی، ملتان اور لودھراں میں ڈیوٹی پر مامور 769 ریسکیو اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے کہا کہ ان اضلاع میں مجموعی طور پر 58میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2 ہزار سے زائد افراد کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور میڈیکل کے علاوہ متاثرہ اضلاع میں 44 ریلیف کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔
عمران قریشی نے کہا کہ 15 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور 12 سو کے قریب افراد کو ایمرجنسی ٹرانسپورٹ فراہم کی گئی ہے۔