
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لا کر سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جا رہی ہے، صوبائی وزیر ابراہیم مراد
صوبائی وزیر نے صورتحال کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل وہاڑی ڈاکٹر عائشہ خان کو فوری خصوصی ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں جس کے تحت کُل 210 لوگوں کو موقع پر صوبائی وزیر کی زیرِ نگرانی بازیاب کرایا گیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقہ ہیڈ اسلام میں سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے صورتحال کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل وہاڑی ڈاکٹر عائشہ خان کو فوری خصوصی ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں جس کے تحت کُل 210 لوگوں کو موقع پر صوبائی وزیر کی زیرِ نگرانی بازیاب کرایا گیا۔ ہیڈ اسلام کے 16 مواضعات پر 226 لوگ پھنسے ہوئے تھے جن میں سے 210 لوگوں کو کامیابی سے بازیاب کرایا گیا۔ ابراہیم مراد کا اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عام عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لا کر سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جا رہی ہے اور انسانی جانوں کا تحفظ ہمارا اولین فریضہ ہے. انہوں نے بتایا کہ ضلع میں موجود ہیڈ ورک اسلام اور ہیڈ ورک میلسی سائیفین سے 7 لاکھ سے زائد کیوسک پانی گزرنے کی گنجائش موجود ہے. ہیڈورکس اسلام پر اونچے درجے میلسی سائفن پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے. انہوں نے بتایا کہ ضلع وہاڑی کے کُل 77 دیہات زیر آب آئے اور 99 فیصد لوگوں کو اب تک محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے. ضلع میں 13 مقامات پر ریسکیو آپریشن جاری یے جس میں 105 ریسکیورز عام عوام کی خدمت میں پیش پیش ہیں. ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ اب تک کُل 29 ہزار 680 افراد محفوظ مقامات پر منتقل کئے جا چکے ہیں. انہوں نے کہا کہ اب تک 1504جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے. امدادی آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 26 کشتیاں بھی استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ صوبائی وزیر کی ہدایات پر لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے نجی کشتیوں کے غیر قانونی آپریشن کو بھی فوری طور پر رکوا دیا گیا ہے. ضلعی انتظامیہ گزشتہ ایک ماہ سے لوگوں کو سیلابی صورتحال کی شدت کے حوالے اگاہ کر رہی ہے. ابراہیم مراد نے بتایا کہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں تین خیمہ بستیاں، 20 فلڈ ریلیف کیمپ قائم ہیں.ضلع وہاڑی کے علاقے جملیرا، ماجھی والا، ساہوکا، فاروق آباد، لکھا، مہر آباد، کھچی والا، ہیڈ اسلام و دیگر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے. صوبائی وزیر نے سیلاب زدہ علاقوں میں پولیس گشت کو بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔