
صوبائی وزراء ایس ایم تنویر اور بلال افضل کا لودھراں کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
پنجاب حکومت مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ان کی ہر سطح پر مدد کی جائے گی۔ایس ایم تنویر
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت و زراعت ایس ایم تنویر اور صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، فاریسٹ، وائلڈ لائف، فشریز و ماحولیات بلال افضل نے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے لودھراں کا دورہ کیا۔ دریائی علاقہ موضع کسراں مجال میں سیلابی کٹاؤ کا جائزہ لیا۔صوبائی وزراء نے موقع پر موجود علاقہ مکینوں سے گفتگو میں کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر سطح پر مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اللہ کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی سیلاب متاثرین کے مال مویشیوں کا کوئی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیمہ بستیوں میں مقیم سیلاب متاثرین کی دیکھ بھال اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزراء نے فلڈ ریلیف کیمپ حویلی نصیر خاں کا بھی دورہ کیا۔ پر ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالرؤف مہر اوردیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزراء نے فلڈ ریلیف کیمپ میں قائم مدد کاؤنٹر، ہیلتھ کاؤنٹر، لائیو سٹاک کاؤنٹر اور ریسکیو کاؤنٹر کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالرؤف مہر نے ریسکیو آپریشن، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور فلڈ ریلیف کیمپس میں قائم خیمہ بستیوں اور سیلاب متاثرین کو فراہم کئے جانے والے کھانے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر اور بلال افضل نے فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم سیلاب متاثرین سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے استفسار کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالرؤف مہر کو فول پروف انتظامات کرنے پر شاباش دی۔ صوبائی وزراء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لودھراں کی دریائے ستلج سے ملحقہ 325 بستیاں متاثر ہوئی ہیں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ 3900 افراد کو ریسکیو کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ خیمہ بستی حویلی نصیر خاں میں 125سے زائد مردو خواتین اور بچوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19 موٹر بوٹس لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے استعمال کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لودھراں، ریسکیو 1122 اور تمام متعلقہ ادارے جس جاں فشانی سے سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں لگے ہوئے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو معیاری کھانا اور بہترین علاج معالجہ بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دریائے ستلج کے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے جاری آپریشن کی قیادت کرنے والے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سید ماجد احمد اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی۔صوبائی وزراء نے لودھراں میں قائم ماڈل بازارا کا بھی دورہ کیا اور یہاں اشیاء ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔