صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے نئے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ریسرچ سنٹر قائم کرنے کی خوشخبری سنا دی
طبی درسگاہ کے قیام کا بنیادی مقصد ہی معاشرہ کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے جدید ریسرچ کرنا ہوتا ہے تاریخی حیثیت کی حامل کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں کنگ ایڈورڈ ریسرچ سنٹر کا اقدام انتہائی خوش آئند ہے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلباء و طالبات بہترین ریسرچ کر رہے ہیں نگران صوبائی وزیر صحت کی صوبہ بھرکی دیگر طبی درسگاہوں کو بھی جدید ریسرچ پر خاص توجہ دینے کی ہدایت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے نئے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ریسرچ سنٹر قائم کرنے کی خوشخبری سنا دی ہے۔اس سلسلے میں نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر شہزاد، پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر عاصمہ، ڈاکٹر غزالہ بٹ، ڈاکٹر فواد، ڈاکٹر سعدیہ رفیق، ڈاکٹر عظمی ملک، رجسٹرار پروفیسر ریاست علی و دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران نئے کنگ ایڈورڈ ریسرچ سنٹر کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔پروفیسر سائرہ افضل اور ڈاکٹر سعدیہ رفیق نے اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو پریزنٹیشن دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سووینئیر شاپ، موجودہ ریسرچ سنٹر، زیر تعمیر کیفے ٹیریا اور لائبریری، سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر و دیگر شعبہ جات کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پرنگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے انارکلی کے تاجروں کی سکریننگ کرنے کا حکم بھی دیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ایک طبی درسگاہ کے قیام کا بنیادی مقصد ہی معاشرہ کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے جدید ریسرچ کرنا ہوتا ہے۔ تاریخی حیثیت کی حامل کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں کنگ ایڈورڈ ریسرچ سنٹر کا اقدام انتہائی خوش آئند اور خوبصورت ہے۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے صاف پانی اور پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے شاندار آئیڈیاز اور ریسرچ پیش کی گئی ہے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلباء و طالبات بہترین ریسرچ کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ کلینکل ٹرائلز ہر ریسرچ کا بنیادی جزو ہوگا۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی جدید ریسرچ پر مبنی پراڈکٹس کے لائسنس کو منظور کروایا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاویداکرم نے پنجاب کی دیگر طبی درسگاہوں کو بھی جدید ریسرچ پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ویژن کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں جدید ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ نئی نسل کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے جدید ریسرچ انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے ہمیشہ جدید ریسرچ میں اپنا نام کمایا ہے۔