نگراں وزیراعظم کا آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی بلوں پر ریلیف دینے کا اعلان
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی بلوں پر ریلیف کا اعلان کریں گے، تمام اداروں سے پوچھا ہے کتنی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں، فوج ایک یونٹ بھی مفت بجلی استعمال نہیں کرتی۔
اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی بلوں پر ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی بلوں پر ریلیف کا اعلان کریں گے، تمام اداروں سے پوچھا ہے کتنی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں، فوج ایک یونٹ بھی مفت بجلی استعمال نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی بلوں کا مسئلہ ضرور ہے لیکن یہ امن و امان کا مسئلہ نہیں ہے، بجلی کے بلوں کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ شام کو مہنگی ترین بجلی استعمال کرکے توانائی کا نقصان کیا جاتا ہے، ملک میں توانائی بچانے کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو الیکشن لڑنا ہے یہ سمجھ میں بھی آتا ہے، قانون کے ساتھ کھڑے ہیں الیکشن تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہے، الیکشن تاریخ پر سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی اس کا احترام کریں گے۔
لاپتہ افراد سے متعلق نگراں وزیراعظم نے کہا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ پیچیدہ ہے، عمران ریاض خان کے حوالے سے عدم ثبوتوں کی بنیاد پر بات کرنے کا قائل نہیں۔
نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی، حساس معاملات کو مدنظر رکھ کر نادرا قوانین میں ترمیم کی گئی، نادرا کا چیئرمین فوجی لگانے کی وجہ بھی یہی حساس معاملات ہیں، نادرا چیئرمین کے فرائض کے لیے اسپیشلائزڈ پروفیشنل کی ضرورت تھی۔