
لٹریسی ویک کا دوسرا مرحلہ مکمل،مقصد تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔ ڈی جی لٹریسی
آؤٹ آف سکول بالغ و نابالغ بچوں کی خواندگی کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ یوم خواندگی 8 ستمبر کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ ڈی جی لٹریسی
لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تحت ہونے والے ہفتہ خواندگی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ ان دو مراحل میں راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانولہ، بہاولپور، ملتان اور لاہور ڈویژن کے اضلاع میں لٹریسی ویک کے تحت سرگرمیاں ہوئیں۔ نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ڈیرہ غازی خان، لیہ، جہلم، لاہور، قصور، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان سمیت دیگر اضلاع میں آگاہی واک، سیمینارز اور طلبہ مابین متعدد مقابلہ جات و ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تقاریب میں نان فارمل سکولوں میں پڑھنے والے طلبہ اور ان کے اساتذہ میں حوصلہ افزائی کیلئے انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ سرگرمیوں میں کمشنرز، ڈی سیز اور سی ای اوز ایجوکیشن سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے اہم شخصیات نے شرکت کی۔ دوسرے مرحلے کی آخری تقریب گذشتہ روز لاہور کے ایک سرکاری سکول میں منعقد ہوئی جس میں مختلف اہم شخصیات کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے ڈی جی لٹریسی ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ لٹریسی ویک منانے کا مقصد معاشرے میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ صوبے میں خواندگی کی شرح بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ صوبے میں آؤٹ آف سکول بالغ و نابالغ بچوں کی خواندگی کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر خرم شہزاد نے مزید کہا کہ 8 ستمبر کو انٹرنیشنل لٹریسی ڈے بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ لٹریسی ویک کا تیسرا اور آخری مرحلہ آج شروع ہوگا جس کے تحت فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن کے اضلاع میں آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اس مرحلے کی آخری تقریب 8 ستمبر کو لاہور آرٹس کونسل میں منعقد ہوگی۔