
کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف آپریشن،منظور شدہ سکیم پلان کی خلاف ورزی پر ہاؤسنگ کا دفتر سیل
سوسائٹی میں غیرقانونی تجاوزات اور غیرقانونی کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں۔ آپریشن سے پہلے سوسائٹی کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔آپریشن ڈائریکٹرپرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز اسد اللہ چیمہ کی زیر نگرانی کیا گیا
پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی): ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پرایل ڈی اے شعبہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز کے عملے نے گزشتہ روزمنظور شدہ سکیم پلان کی خلاف ورزی پر ہاؤسنگ سکیم کا دفتر سیل کر دیا، ٹاؤن پلاننگ ونگ کے عملے نے گلبرگ میں غیرقانونی کمرشل املاک/کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 17 املاک سر بمہر کر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے منظور شدہ سکیم پلان کی خلاف ورزی پربینکرزایونیو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، بیدیاں روڈکا دفتر سیل کر دیا۔ بینکرزایونیو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی نے منظورشدہ پلان میں تبدیلی کر کے پبلک بلڈ نگ سائٹس پر تجاوزات بنا رکھی تھیں۔ سوسائٹی میں غیرقانونی تجاوزات اور غیرقانونی کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں۔ آپریشن سے پہلے سوسائٹی کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔آپریشن ڈائریکٹرپرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز اسد اللہ چیمہ کی زیر نگرانی کیا گیا۔ غیرقانونی کمرشل املاک/کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن میں ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبر گ میں کارروائی کی۔ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں /کمرشل فیس ادا نہ کرنے پر 17املاک کو سربمہر کر دیا۔ سیل کی املاک کے ذمے کمرشل فیس کی مد میں لاکھوں روپے کی ادائیگیاں باقی ہیں۔آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیر نگرانی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ زون تھری سدرہ تبسم نے کیا۔