
حکومت نے موثر حکمت عملی کے تحت صوبے میں صنعت کاری کے عمل کو تیز کیا ہے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں۔ایس ایم تنویر
فیڈمک کے زیر اہتما م انڈسٹریل زونز میں انڈسٹری کے لئے الاٹ شدہ پلاٹس میں ابھی تک پیسے جمع نہ کرانے والوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے۔ انڈسٹری کیلئے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں کسی قسم کی کرپشن یا غیر ذمہ داری کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صوبائی وزیر کا فیڈمک آفس میں اجلاس سے خطاب
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیرِانتظام انڈسٹریل زونز میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے دوررس نتائج کی حامل پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔
صوبائی وزیر نے یہ بات دورہِ فیصل آباد کے موقع پر فیڈمک آفس میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔کمشنر سلوت سعید،چیئرمین فیڈمک انس جان اور کمپنی کے دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے ہدایت کی کہ فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل زونز میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے اعتماد میں مزید اضافہ اور صنعتی شعبہ پروان چڑھے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے لئے الاٹ شدہ پلاٹس میں ابھی تک پیسے جمع نہ کرانے والوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعت لگانے کے لئے حاصل کئے گئے پلاٹوں پر ہر صورت انڈسٹری لگنی چاہیے کیونکہ صنعت لگے گی تو معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت نے موثر حکمت عملی کے تحت صوبے میں صنعت کاری کے عمل کو تیز کیا ہےِ، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الاٹمنٹ میں کسی قسم کی کرپشن یا غیر ذمہ داری کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز کی ترویج وترقی کے لئے جامع پالیسی وضع کریں اور چیمبر آف کامرس کو شامل کرکے کمیٹی بنائی جائے جبکہ انڈسٹریز کو گیس وبجلی کے حوالے سے درپیش مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔بجلی کے اضافی گرڈ اسٹیشن لگانے کے لئے ہوم ورک مکمل کیا جائے۔اجلاس میں کمشنر فیصل آباد نے انڈسٹریز کی ترویج وترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے چائینز سمیت دیگر غیر ملکیوں کی سکیورٹی اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔چیئرمین فیڈمک نے انڈسٹریل زونز میں دستیاب سہولیات بارے آگاہ کیا۔