
عبداللہ خان سنبل کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد
عبداللہ خان سنبل کی اچانک وفات اہلخانہ اور سول سروس کیلئے بڑا نقصان ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ مرحوم عبداللہ خان سنبل کی یاد میں سول سیکرٹریٹ میں جمعرات کے روز ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
تعزیتی ریفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کمیٹی نے عبداللہ خان سنبل کی سول سروس میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ عبداللہ خان سنبل محنتی اور قابل افسر ہونے کیساتھ ساتھ نہایت اچھے انسان تھے۔ سول سروس میں انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ خان سنبل کی اچانک وفات اہلخانہ اور سول سروس کیلئے بڑا نقصان ہے۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پرمرحوم عبداللہ خان سنبل کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔