
بلال صدیق کمیانہ سے شہدائے پولیس کے اہلخانہ، غازیوں اور خصوصی بچوں کی ملاقات
سی سی پی او کا شہدائے پولیس اور غازیوں کو خراج تحسین،میرے دفتر کے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، فرض کی راہ میں قیمتی جانیں قربان اور زخمی و معذور ہونے والے پولیس آفیشلز ہمارا مان ہیں، سربراہ لاہور پولیس
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے کیپٹل سٹی پولیس آفس میں شہدائے پولیس کے اہل خانہ، غازیوں اور ملازمین کے معذور بچوں نے ملاقات کی۔ سی سی پی او نے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ آپ کے مسائل کے حل کے لئے فرداً فرداً مل رہا ہوں، میرے دفتر کے دروازے آپ کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے اہل ِ خانہ، غازیوں اورحاضر سروس پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کے اہل خانہ کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فرض کی راہ میں قیمتی جانیں قربان کرنے والے اور زخمی و معذور ہونے والے پولیس آفیشلز ہمارا مان ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہدائے پولیس کے اہل خانہ، غازیوں اور خصوصی بچوں سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شہدا ء کی فیملیز، غازیوں، پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے مسائل کا بروقت اور یقینی حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل سٹی پولیس لاہور کی طرف سے شہدائے پولیس کے اہل ِ خانہ، غازیوں اورحاضر سروس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات کرتے ہوئے پولیس شہداء کے ورثا، غازیوں اور خصوصی بچوں کی ویلفیئر کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔