
لاہورپولیس کا بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری
سال ِ رواں میں اب تک8506بجلی چوروں کے خلاف 7899مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ بجلی چوری سے ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے پوری قوم کے مجرم ہیں، بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ہر بجلی چور کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ
لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہورپولیس کا بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔اس ضمن میں سال رواں میں اب تک8506بجلی چوروں کے خلاف 7899مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
یہ بات سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے آج یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلات کے مطابق سٹی ڈویژن میں 1641افراد کے خلاف بجلی چوری کے الزام میں 1596ایف آئی آرز در ج کی گئی ہیں۔اسی طرح کینٹ ڈویژن میں 2157افراد کے خلاف1988ایف آئی آرز جبکہ سول لائنز میں 779افراد کے خلاف659مقدمات درج کئے گئے ہیں۔سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صدر ڈویژن میں 1271افراد کے خلاف1117ایف آئی آرز،اقبال ٹاؤن میں 1510بجلی چوروں کے خلاف 1417ایف آئی آرز اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں بجلی چوری میں ملوث1148لوگوں کے خلاف1122مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے متعلقہ محکمے سے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری سے ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے پوری قوم کے مجرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث افرادکسی رعایت کے مستحق نہیں،بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوروں کو ان کے منتقی انجام تک پہنچائیں گے اور ہر بجلی چور کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔