
پنجاب گورنمنٹ مودی کی غلط فہمی دور ہو گئی، بھارت کو 6 طیارے گنوانا پڑے: ملک احمد خان
افواج پاکستان نے بہادری کے ساتھ وطن کی حفاظت کی،سیاسی اورسفارتی حکمت عملی کا بہترین مظاہرہ کیا
(سید عاطف ندیم-پاکستان): سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ مودی کی غلط فہمی دور ہوگئی، بھارت کو اپنے 6طیارے گنوانا پڑے۔
پنجاب اسمبلی میں یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کا بہت گہرارشتہ ہے، چین کا وقت پر پاکستان کیلئے واضح مؤقف اہمیت کا حامل تھا،اداروں کی اپنی تکریم اوراصول وضوابط ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کے ذہن پر جنگی جنون سوار ہے، مودی کی غلط فہمی دور ہوگئی، بھارت کو اپنے 6طیارے گنوانا پڑے، وزیراعظم شہبازشریف کی تقریر کا موازنہ مودی کی تقریر سے کرلیں، ایک جیتے ہوئے کمانڈر اورایک ہارے ہوئے شخص کا اندازہ ہوجائےگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم یوم تشکر منارہی ہے، قوم اپنی بہادرافواج کے ساتھ اظہاریکجہتی کررہی ہے، قوم سپہ سالارجنرل عاصم منیر کی شکرگزا ر ہے، آج قوم ایئرچیف کی بہادری کی معترف ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ افواج پاکستان نے بہادری کے ساتھ وطن کی حفاظت کی،سیاسی اورسفارتی حکمت عملی کا بہترین مظاہرہ کیا گیا، تمام ایوانوں میں سب لوگ اپنے جوانوں کیلئے دعاگو تھے، پاکستانی میڈیا نے شاندار طریقے سے اپنی ذمہ داری ادا کی،پاکستانی میڈیا نے صحافتی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے شانداررپورٹنگ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں، ہماری امن کی خواہش کو کوئی کمزوری نہ سمجھے، کسی کو دوبارہ مہم جوئی کا شوق ہوا تو جواب چند لمحوں میں ہی آئے گا،سندھ طاس معاہدہ،مسئلہ کشمیر بین الاقوامی قوانین کے مطابق طے پانے والی چیزیں ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ پانی پر میرا بھی حق ہے جو عالمی قوانین کے مطابق ہے، 1971کی جنگ بھی ہوئی لیکن انڈس واٹر کمیشن ملتے رہے، پاکستان سب سے زیادہ دہشتگردی سے متاثرہ ملک ہے، کسی اور ملک نےدہشتگردی کے مقابلے میں 90ہزار شہادتیں نہیں دی۔