صحت

فالج سے متاثرہ اور جسمانی معذور وں کیلئے خوشخبری، پنجاب میں پہلی بارمفلوج افراد کے بحالی مراکز کاقیام

بحالی مراکز ملتان، لاہور، فیصل آباد، تونسہ اور واہ کینٹ ضلع راولپنڈی میں بنائے جائیں گے۔سمن آباد لاہور میں 20بیڈز پر مشتمل پہلے پیرا پلیجک سنٹر کا افتتاح بہت جلد کر دیا جائے گا۔ وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌ وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پانچ شہروں میں مفلوج اور معذور افراد کیلئے خصوصی بحالی مراکز (پیراپلیجک سنٹرز) قائم کئے جا رہے ہیں۔ اس پراجیکٹ کا مقصدزبان، ہاتھ، بازو، ٹانگ اور پیر سمیت جسم کے کسی بھی حصے کے ناکارہ ہونے کے خطرے سے دوچار مریضوں کو مستقل معذوری سے بچانا ہے۔پنجاب میں ایک مرکزی بحالی سنٹراور چار سیٹلائٹ سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ مرکزی بحالی سنٹر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ملتان میں قائم کیا جائے گا جو 30بیڈز پر مشتمل ہو گا اور ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن سمیت جدید ترین سہولتوں سے لیس ہوگا۔چار سیٹلائٹ بحالی مراکز لاہور، فیصل آباد، تونسہ اور واہ کینٹ ضلع راولپنڈی میں بنائے جائیں گے۔تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سمن آباد لاہور میں 20بیڈز پر مشتمل پہلے پیرا پلیجک سنٹر کا افتتاح بہت جلد کر دیا جائے گا-دیگر بحالی مراکز نصرت فتح علی ہسپتال فیصل آباد، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تونسہ اور واہ کینٹ جنرل ہسپتال میں قائم کئے جائیں گے- بحالی مراکز پر مریضوں کی سپیچ تھراپی کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ان بحالی مراکز میں زیر علاج افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لئے ان کی کونسلنگ بھی کی جائے گی- ایسے افراد کے اہل خانہ کو بھی ان کی دیکھ بھال کی تربیت دی جائے گی۔معذور افراد کے لئے مصنوعی اعضاء کی ورکشاپ بھی قائم کی جائے گی۔پنجاب کابینہ نے مصنوعی اعضا کی ورکشاپ کو آؤٹ سورس کرنے کا ایک اصولی فیصلہ کیا گیا ہے-پنجاب حکومت نے یہ اہم قدم کسی بھی وجہ سے مفلوج ہونے والے افرادکی بحالی کے لیے اٹھایا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button