
سموگ کے تدارک کیلئے سائیکلز اور الیکٹرک بائیکس کو اختیار کرنا ہوگا۔ بلال اکبر خان
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت لاہور اربن ٹرانسپورٹ بارے اہم اجلاس
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو آمدورفت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا جبکہ سموگ کے تدارک کیلئے سائیکلز اور الیکٹرک بائیکس کو اختیار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ٹرانسپورٹ ہائوس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر جاوید احمد قاضی نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اربن ٹرانسپورٹ پلان بارے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو کہ پہلے فیز میں لاہور شہر کے لیے ایک پلان تشکیل دے گی تاہم دیگر شہروں کے لیے جامع شہری نقل و حمل کے منصوبوں بارے بھی روڈ میپ تشکیل دیا جائے گا۔ مزید بریفنگ میں بتایا کہ روڈ میپ میں سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کے احاطہ کا جائزہ لیا جائے گا تاہم اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت درکار ہوگی۔ متعلقہ محکمےحکومت پنجاب کو شہری ٹرانسپورٹ بارے نشاندہی کریں گے اور اسکے ساتھ متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی اسکیموں کو ترجیح دینے اور مطلوبہ وسائل کی نشاندہی کی جائے گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن کی جانب سے روڈ اسٹرکچرز اور اربن پلان فار لاہور بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں لاہور میں بلو لائن، پرپل لائن اور ایلویٹڈ ایکسپریس وے سمیت مختلف روڈ جنکشنز پر تجاویز پیش کی گئیں اور عوام کو ٹرانسپورٹیشن کی سستی اور آسان سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں تاہم بادامی باغ لاری اڈا کی ریویمپنگ کو وقت کی اشد ضرورت قرار دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ لاہور میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جلد اہم اقدمات اٹھانا ہوں گے جبکہ سموگ کے تدارک کیلئے سائیکلز اور الیکٹرک بائیکس کو اختیار کرنا ہوگا۔ بلال اکبر خان نے ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ متلعقہ مختلف منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے جلد ورکنگ کمیٹی تشکیل دی جائے اور کسی بھی منصوبے پر کام کرتے وقت لاہور کے ماسٹر پلان کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ایلیویٹڈ اہکسپریس ضرور بننی چاہیے مگر پہلے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ عوام کےلئے پہلی ضرورت کیا ہے کیونکہ عوام کو اپنے سسٹم میں لانے کیلئے ضروری ہے کہ ان کو پہلے سہولیات فراہم کی جائیں۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ کمیٹی شہروں کی انتظامیہ کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگ کرے اور اعلیٰ حکام کو ایک حتمی پلان پیش کرنے کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں۔ اجلاس میں پی ایم اے، ٹیپا، اربن یونٹ، ایل ڈی اے ،نیسپاک سمیت مختلف محکموں کے احکام،کمشنر لاہور ڈویژن اور نمائندگان پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے شرکت کی