کراچی پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): ورلڈ میری ٹائم ڈے کے حوالے سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اہم پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سمندر کی حفاظت، سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کی یاد دہانی کے لیے میری ٹائم کا عالمی دن ہر سال منایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ رواں برس اس دن کا موضوع ‘مارپول کے پچاس سال، ہمارا عزم جاری ہے’ رکھا گیا ہے۔
عالمی دن کے حوالے سے نیول چیف نے کہا کہ یہ دن جہازوں سے پھیلنے والی آلودگی کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی کنونشن مارپول (ایم پی آر اے او ایل) کی پچاسویں سالگرہ کے طور پر بھی منایا جا رہا ہے۔
امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ اس دن کا مقصد انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے تحت سمندری آلودگی کی روک تھام اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ مارپول کی پانچ دہائیوں پر محیط تاریخ سمندری آلودگی کے خلاف ہماری کوششوں اور کرۂ ارض کی حفاظت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری ماحول کے تحفظ کیلئے پیش پیش ہے۔ پاک بحریہ اپنے بحری جہازوں سے زہریلے دھویں کے اخراج کو کم کرنے اور بحری آلودگی سے بچاؤ کے اقدامات سنجیدگی سے کر رہی ہے۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ آج کے دن میں پاک بحریہ میں میری ٹائم سیفٹی کو یقینی بنانے اور ماحولیاتی مینڈیٹ کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، میں امید کرتا ہوں کہ تمام اسٹیک ہولڈرزسمندری تحفظ کے اصولوں پر متحرک اور اجتماعی طور پر عمل پیرا ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سمندروں کا عالمی دن آج (جمعرات کو) منایا جارہا ہے جس کا مقصد انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے تحت سمندری آلودگی کی روک تھام اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔