راولپنڈی پاکستان:پاکستان اور افغانستان کی بین الاقوامی سرحد پر صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے قریب دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو بہادری سے ناکام بناتے ہوئے پاک فوج کے چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق 28 ستمبر بروز جمعہ ک پانچ بجکر 45 منٹ پر پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب میں سمبازہ کے قریب تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
شہید فوجیوں کی شناخت حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم کے نام سے ہوئی جنہوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین دہشت گرد واصل جہنم ہو گئے اور چند زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔