آشوب چشم کے مریضوں کو خصوصی کاونٹرز تک محدود رکھا جائے، ڈاکٹر جمال ناصر
وزیر اعلیٰ کی نگرانی میں اقدامات سے آشوب چشم کے مریضوں میں کمی آ رہی ہے ، ہسپتالوں میں وسائل کو منصوبہ بندی کے ساتھ اور شفافیت سے استعمال کریں ، وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ آشوب چشم کیلئے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں خصوصی کاونٹرز قائم کر دئیے گئے، آشوب چشم میں مبتلا افراد کو دوسرے مریضوں سے الگ رکھا جائے اور اگر ممکن ہو تو انہیں طبی امداد مہیا کرنے کے بعد ڈسچارج کر دیا جائے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آشوب چشم کے مریضوں کو بلا ضرورت او پی ڈی میں نہ بھیجا جائے تاکہ دیگر مریضوں کو محفوظ رکھا جائے، آشوب چشم کاؤنٹرز پر ہی مکمل ادویات فراہم کی جائیں اور احتیاطی تدابیر بتائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرعلی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں چھٹیوں کے فیصلے کی وجہ سے آشوب چشم سے متاثر ہونے والے مریضوں میں نمایاں کمی ائی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ائندہ دنوں میں شہریوں کی طرف سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے آشوب چشم جلدختم ہو جائے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی وارڈ میں بیڈز اور دیگر وسائل ضروریات کے مطابق استعمال لائے جائیں اگر کسی ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد کم ہے تو بلاوجہ خالی بیڈز ڈینگی وارڈ میں نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بیڈز سمیت تمام طبی وسائل ضرورت کے مطابق منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی صحت کے شعبہ میں دستیاب وسائل کو بہترین منصوبہ بندی سے استعمال کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے جس کی وجہ سے طبی سہولیات میں نمایاں طور پر بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی چیز کی کمی نہیں، تمام وسائل بھرپور انداز میں موجود ہیں جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام وسائل کو دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ استعمال کیا جائے۔