بین الاقوامی

بھارت: اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، سات افراد ہلاک

آریان ایوی ایشن کا یہ ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق صبح 5:20 بجے کیدارناتھ سے اڑان بھرنے کے 10 منٹ بعد گوری کنڈ کے جنگل میں گر کر تباہ ہوا

نیوز ایجنسیاں
شمالی بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں اتوار کی صبح ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں پائلٹ سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ ہیلی کاپٹر ہندوؤں کے مقدس مقام شری کیدارناتھ سے گپت کاشی کی طرف جا رہا تھا۔
ریاستی وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ایکس پر لکھا ہے، ”رودرپریاگ ضلع میں ہیلی کاپٹر حادثے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔
حکام کے مطابق آریان ایوی ایشن کا یہ ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق صبح 5:20 بجے کیدارناتھ سے اڑان بھرنے کے 10 منٹ بعد گوری کنڈ کے جنگل میں گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے بعد ملبے میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے لاشیں بری طرح جھلس گئیں۔
اتراکھنڈ سول ایوی ایشن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور تحقیقات کے لیے ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔
بھارتی میگزین دی ویک کی رپورٹ کے مطابق مقامی چرواہوں نے حادثے کی جگہ پر آگ دیکھ کر حکام کو اطلاع دی۔ ابتدائی قیاس ہے کہ خراب موسم حادثے کی وجہ ہو سکتا ہے۔
اتراکھنڈ اپنی سرسبز وادیوں اور ہندوؤں کے مقدس مقامات کی وجہ سے مشہور ہے۔ کیدارناتھ مندر گرمیوں میں زائرین سے بھر جاتا ہے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے وہاں نجی کمپنیوں کی طرف سے ہیلی کاپٹر خدمات کی فراہمی ایک اہم کاروبار ہے۔ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر آریان ایوی ایشن کا تھا۔
یہ اتراکھنڈ میں رواں سال کا پانچواں فضائی حادثہ ہے۔ آٹھ مئی کو گنگوتری دھام جاتے ہوئے ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا، جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے۔ سات جون کو ایک اور ہیلی کاپٹر کو تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ رواں ہفتے ایئر انڈیا کی پرواز AI171 احمد آباد میں ایک میڈیکل کالج ہاسٹل سے ٹکرا کر تباہ ہوئی، جس میں 270 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق ایئر کرافٹ ایکسڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو اس حادثے کی تحقیقات کرے گا جبکہ وزیر اعلیٰ دھامی نے ایوی ایشن آپریٹرز کے لیے سخت معیاری طریقہ کار (SOPs) نافذ کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button