وراٹ کوہلی ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر ٹیم کو چھوڑ کر ممبئی روانہ
خلیج ٹائمز کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم اتوار کو ریاست کیرالہ کے دارالحکومت ترووننتھاپورم پہنچی جہاں منگل کو اس کا نیدرلینڈز کے خلاف آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ شیڈول ہے تاہم ترووننتھاپورم پہنچنے والے انڈین سکواڈ میں وراٹ کوہلی شامل نہیں تھے۔
انڈیا کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی اپنی قومی ٹیم کو ’ذاتی وجوہات‘ کے باعث کچھ دنوں کے لیے چھوڑ کر واپس اپنے اہلخانہ سے ملنے ممبئی چلے گئے ہیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم اتوار کو ریاست کیرالہ کے دارالحکومت ترووننتھاپورم پہنچی جہاں منگل کو اس کا نیدرلینڈز کے خلاف آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ شیڈول ہے تاہم ترووننتھاپورم پہنچنے والے انڈین سکواڈ میں وراٹ کوہلی شامل نہیں تھے۔
خبروں کے مطابق وراٹ کوہلی ٹیم انتظامیہ سے اجازت لینے کے بعد گواہاٹی سے ٹیم کو چھوڑ کر ممبئی روانہ ہو گئے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کِرک بَز‘ کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے وراٹ کوہلی کے ٹیم کو چھوڑنے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ممکنہ طور پر سٹار بیٹر پیر کو دوبارہ ٹیم کو جوائن کریں گے۔
دوسری جانب میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس بات کی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وراٹ کوہلی اور اُن کی اہلیہ انوشکا شرما دوسری مرتبہ والدین بننے والے ہیں تاہم دونوں سپرسٹارز کی ٹیم کی جانب سے اب تک انوشکا شرما کے حاملہ ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
خیال رہے وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی 2017 میں ہوئی تھی جس کے بعد اُن کے ہاں جنوری 2021 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام ومیکا رکھا گیا۔
انوشکا شرما بہت جلد اپنے مداحوں کو اپنی نئی فلم ’چک دے ایکپریس‘ میں لِیڈ رول کرتی نظر آئیں گی۔ یہ فلم انڈین خاتون کرکٹر جھولن گوسوامی کی بائیوگرافی ہے۔
اُدھر 30 ستمبر کو انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان گواہاٹی میں شیڈول وارم اپ میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ ہوگیا تھا۔
اگر ورلڈ کپ کی بات کی جائے تو اس میں انڈین ٹیم روہت شرما کی قیادت میں اپنے سفر کا باقاعدہ آغاز 8 اکتوبر سے آسٹریلیا کے خلاف چنئی میں میچ سے کرے گی۔