
چیف سیکرٹری کا سیالکوٹ کا دورہ، PICIIPپراجیکٹس پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار
علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، علامہ اقبال لائبریری، گورنمنٹ خواجہ صفدر گرلز ہائی سکول کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا تمام منصوبوں کی تھرڈ پارٹی اویلیوایشن کرانے، ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی)ٌ:چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے پیر کے روز سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا اورپنجاب انٹر میڈیٹ سٹی امپرومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام (PICIIP) کے منصوبوں، علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، علامہ اقبال لائبریری کے ترقیاتی کاموں اور ماڈل سکولز پراجیکٹ کے تحت گورنمنٹ خواجہ صفدر گرلز ہائی سکول میں سہولیات بہتر بنانے کیلئے جاری کام کا معائنہ کیا۔
چیف سیکرٹری نے PICIIPمنصوبوں پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سیالکوٹ کے شہریوں کی طرف سے شکایات پر خود پراجیکٹ کا معائنہ کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی تھرڈ پارٹی اویلیوایشن کرائی جائے اور مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جائے۔
چیف سیکرٹری کو علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے دورہ کے موقع ہسپتال کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ 39کروڑ روپے لاگت کے اس منصوبے کے دوران ہیلتھ کئیر سہولیات متاثر نہیں ہونی چاہیں، جن وارڈز میں کام کیا جائے وہاں کے مریضوں کو متبادل وارڈز میں شفٹ کیا جائے اور اس حوالے سے پلان ترتیب دیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ علامہ اقبال لائبریری کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کے تحت لائبریری میں دیگر موضوعات کے ساتھ مقابلے کے امتحان کی تیاری اورایم ڈی کیٹ کے طلبہ کے لئے کتب بھی رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لائبرئری میں بہتر انٹر نیٹ، کڈز ایریا میں معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
چیف سیکرٹر ی نے گورنمنٹ خواجہ صفدر گرلز ہائی سکول کے دورہ کے موقع پر ماڈل سکولز پراجیکٹ کے تحت تزئین وا ٓرائش کے کام کا معائنہ کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ طالبات کو بہتر نصابی سہولیات کی فراہمی کے لئے کلاس رومز کی بہتری پر توجہ دی جائے اور فنڈز کا پلاننگ کے ساتھ استعمال یقینی بنایا جائے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال، اے ڈی سی جی سید اسد رضا کاظمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔