کھیل

ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں بارہویں نیشنل ریسکیو چیلنج کا آغاز

نیشنل ریسکیو چیلنج کا مقصد ریسکیو اہلکاروں کی استعدکار اور کوورڈینشن کومزید بڑھانا ہے: ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں بارہویں نیشنل ریسکیو چیلنج کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس اہم چیلنج کے انعقاد کا مقصد ملک بھر میں ایمرجنسی سروسز کے درمیان ہنگامی تعاون کو بہتر بنانا اورایمرجنسی سروسز کے یکساں معیار قائم کرنا ہے۔یہ ریسکیو چیلنج 4تا6 اکتوبر تک جاری رہے گا اور چھ مختلف چیلنجز میں پاکستان بھر سے 19 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے بارہویں نیشنل ریسکیو چیلنج میں حصہ لینے والی 19ریسکیو ٹیموں جس میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، ایلیٹ پولیس، یونیورسٹیز، این جی اوز اور رضاکاروں کا ایمرجنسی سروسز میں خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ریسکیو چیلنج ریسکیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزیداضافہ کرے گا تاکہ صحت مندانہ مقابلے کے ذریعے ہنگامی حالات اور آفات میں درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہو سکیں۔ اس سے ملک کے تمام صوبوں کی ایمرجنسی سروسز کی کوآرڈینیشن اور پیشہ ورانہ صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ تین روزہ نیشنل ریسکیو چیلنج 2023کا اہتمام پاکستان بھر میں طبی ہنگامی صورتحال، فائر اینڈ ریسکیو آپریشنز، واٹر ریسکیو اور دیگر پیچیدہ ہنگامی صورتحال کے جواب کے دوران ہنگامی خدمات کی طرف سے عام طور پر درپیش چیلنجوں کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
سکریٹری، ایمرجنسی سروسز نے چیلنج کے مختلف ایونٹس کا دورہ کیا جن میں ٹراما اینڈ میڈیکل ایمرجنسی چیلنج، فائر فٹ چیلنج، واٹر ریسکیو چیلنج، ڈیپ ویل ریسکیو چیلنج، سوئمنگ چیلنج اور ہائیٹ ریسکیو چیلنج شامل ہیں۔رجسٹرار، ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر محمد فرحان خالد نے انہیں بریفنگ دی کہ ان تمام مقابلوں کو سینئر انسٹرکٹرزوماہرین ٹیموں کے دیے گئے اہداف اور مختلف ہنگامی منظرناموں سے نبردآزما ہونے والی ٹیموں کو ایمرجنسی رسپانس کے عالمی معیار کے مطابق جانچیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ چیلنج تین دن تک جاری رہے گا جس میں ٹیموں کوہنگامی صورتحال کے متعلق مختلف اہداف دیئے جائیں گے۔ تین روزہ نیشنل ریسکیو چیلنج کا اختتام 6 اکتوبر کو ہوگاجبکہ اس کی پروقار اختتامی تقریب بروز ہفتہ 7 اکتوبر کوایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوگی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button