پاکستانی کار ساز کمپنی لکی موٹرز کارپوریشن، جو کہ جنوبی کوریا کی کار ساز کمپنی کِیا موٹرز کی مقامی پارٹنر ہے، نے اپنی مختلف ماڈل اور ویریئنٹ کی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ سے پانچ لاکھ تک کمی کا اعلان کیا ہے۔
ایل ایم سی کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صارفین کو ایک ایک ایسی پیش رفت سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں جو کہ براہ راست ان کے فائدے کے متعلق ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’حالیہ دنوں میں پاکستان کرنسی کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں بڑھتی قدر کے تناظر میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کا فائدہ صارفین کو منتقل کیا جائے۔‘
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس لیے کمپنی کی مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے۔
کمپنی کے مطابق پیکانٹو کی قیمت میں ایک لاکھ روپے کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 38 لاکھ 50 ہزار ہوگئی ہے۔
سپورٹیج کی ایف ڈبلیو ڈی ویریئنٹ کی قیمت میں ڈیڑھ لاکھ کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 81 لاکھ 90 ہزار سے کم پر 80 لاکھ 40 ہزار ہوگئی ہے۔ جب کہ سپورٹیج (ایف ڈبلیو ڈی) کی قیمت میں بھی ڈیڑھ لاکھ کمی کی گئی ہے۔
سپورٹیج (بلیک) کی قیمت میں تین لاکھ 50 ہزار کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 96 لاکھ 50 ہزار سے کم ہو کر 93 لاکھ ہوگئی ہے۔
سورنٹو (2.4 ایف ڈبلیو ڈی) کی قیمت میں 5 لاکھ کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت ایک کروڑ 8 لاکھ سے کم ہوکر ایک کروڑ تین لاکھ ہوگئی ہے۔
سورنٹو (2.4 ایل ایف ڈبلیو ڈی) کی قیمت میں چانچ لاکھ کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد گاڑی کی قیمت ایک کروڑ 17 لاکھ سے کم ہو کر ایک کروڑ 12 لاکھ ہوگئی ہے۔
کمپنی کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق 6 اکتوبر 2023 سے ہوگا۔