دھرم شالہ کی ’ناقص‘ آؤٹ فیلڈ انگلش کھلاڑیوں کے لیے تشویش کا باعث
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق جوز بٹلر نے دھرم شالہ کے کرکٹ سٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ کو ’ناقص‘ قرار دیتے ہوئے اس سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے میچوں کو منعقد کروانے پر سوالیہ نشان کھڑے کیے ہیں۔
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ منگل کو ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالہ میں کھیلے گا۔
اس میچ سے قبل انگلش کپتان جوز بٹلر نے پریس کانفرنس میں دھرم شالہ کے کرکٹ سٹیڈیم کی ’غیر معیاری‘ آؤٹ فیلڈ پر تشویش کا اظہار کیا اور اسے ناقص قرار دے دیا۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق جوز بٹلر نے دھرم شالہ کے کرکٹ سٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ کو ’ناقص‘ قرار دیتے ہوئے اس سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے میچوں کو منعقد کروانے پر سوالیہ نشان کھڑے کیے ہیں۔
جوز بٹلر نے اس بارے میں کہا کہ ’میرے خیال میں اس سٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ ناقص ہے۔ میرے خیال میں جب آپ یہ سوچ رہے ہوتے ہیں کہ آپ کو ڈائیو لگاتے ہوئے دھیان رکھنا ہے یا فیلڈنگ کرتے ہوئے محتاط رہنا ہے تو پھر آپ ٹیم کے ساتھ نہیں چل سکتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ ڈائیو اس وجہ سے لگانا چاہتے ہیں تاکہ رن روک سکیں۔ جیسی یہ آؤٹ فیلڈ ہے یہ بالکل بھی ڈائیو لگانے کے قابل نہیں ہے لیکن ہم اس چیز کا بہانہ نہیں بنائیں گے، ہم اس کی عادت ڈالنے کی کوشش کریں گے۔‘
انگلش کپتان نے مزید کہا کہ ’یہ ایسا سٹیڈیم نہیں ہے جس میں آپ بطور ٹیم یا کھلاڑی کھیلنا چاہیں یا پھر ورلڈ کپ کا میچ کھیلنا چاہیں۔‘
یہاں واضح رہے کہ دھرم شالہ کے کرکٹ سٹیڈیم میں سنیچر کو افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ کھیلا گیا تھا جس کے دوران کھلاڑیوں کو غیرمعیاری آؤٹ فیلڈ کے باعث کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔
دھرم شالہ سٹیڈیم کی گھاس میں ریت اور مٹی کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
اس سٹیڈیم کی تہہ ریت کی ہے جس پر گھاس اگائی گئی ہے اور سٹیڈیم کی گھاس کے درمیان ریت اور مٹی ٹکڑوں کی صورت میں نظر آتی ہے۔
اسی وجہ سے بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچ کے بعد اس سٹیڈیم کو ’ایوریج‘ (اوسط) درجہ دیا گیا تھا جبکہ اس میچ کے بعد افغان کوچ جوناتھن ٹروٹ نے اپنے سپنر مجیب الرحمان کے دوران فیلڈنگ زخمی نہ ہونے کو ’خوش قسمتی‘ قرار دیا تھا۔
جوناتھن ٹروٹ نے انگلش کھلاڑیوں سے رابطہ کر کے انہیں اس سٹیڈیم میں دوران فیلڈنگ محتاط رہنے کی بھی تلقین کی۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ آزاد پِچ کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن نے اتوار کو دھرم شالہ سٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ کا معائنہ کیا اور انہوں نے میچ ریفری جواگل سری ناتھ کے ساتھ مل کر اسے اطمینان بخش قرار دیا۔
خیال رہے رواں برس انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی گئی بارڈر گواسکر ٹرافی کا تیسرا میچ بھی ناقص آؤٹ فیلڈ کے باعث دھرم شالہ سے اندور منتقل کیا گیا تھا۔