ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ای۔ کچہری، فضائی مسافروں کی شکایات کا فوری ازالہ
ڈائریکٹر ائرپورٹ سروسز، ڈائریکٹر سیکیورٹی، ڈائریکٹر ایچ آر کی بھی شرکت ڈائریکٹر ایس کیو ایم ایس، ڈائریکٹر آپریشنز، ڈائریکٹر انجینیرنگ سروسز اورڈآئریکٹر ائر ٹرانسپورٹ نے بھی ڈی جی کی معاونت کی
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے 38 ویں ای۔ کچہری کا انعقاد کیا اور ملکی اور غیر ملکی مسافروں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ای کچہری آفیشل فیس بک پیج پر براہ راست نشر کی گئی۔ ایڈیشنل ڈی جی ، ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری بھی ای کچہری میی موجود تھے۔ ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز، ڈائریکٹر سیکورٹی، ڈائریکٹر ایچ آر نے بھی شرکت کی اور ڈائریکٹر ایس کیو ایم ایس، ڈائریکٹر آپریشنز، ڈائریکٹر ا نجینئرنگ سروسز اورڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے بھی ڈی جی کی معاونت کی۔
آن لائن ای کچہری کے دوران مختلف سوالات اور مسائل کا ذکر کیا گیا جن میں ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ توسیع اور اپگریڈیشن اور ڈی جی خان سے دبئی فلائیٹ، راولاکوٹ ایئرپورٹ کی توسیع ، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فلائیٹس کے دوبارہ آغاز، سول ایوی ایشن میں بھرتیوں بارے سکروٹنی اور انٹرویوز کی تاریخوں سے متعلق سوالات، سیرین ائیر کی فلائیٹس میں تکنیکی اور دوسری وجوہات کے باعث تاخیر، پشاور ایئرپورٹ پر اے ایس ایف سٹاف کے غیرمناسب رویہ اور ایئرپورٹ پر انٹرنیٹ اور وائی فائی کے مسائل، فلائی جناح فلائیٹس سے متعلق ٹکٹ ری فنڈ مسائل اور وی آئی پی لین کے غیر ضروری استعمال، ملتان ایئرپورٹ پر ویل چئیر کی ناکافی سہولیات اور لاہور ایئرپورٹ کے کونکورس ہال میں بیت الخلا کی غیرتسلی بخش صفائی کی شکایت، فیصل آباد ائرپورٹ پر ناقص صفائی کے انتظامات، دیگر شکایات میں کنٹریکٹرزکی جانب سے کم سے کم اجرت کے قانون کی خلاف ورزی کی شکایات شامل تھیں ،
ڈائریکٹر جنرل سی اے اے نے بعض شکایات بارے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ڈی جی سی اے اے نے بعض شکایات سے متعلق متعلقہ افسران کو جلد از جلد کارروائی کی ہدایت کی ۔ ڈائریکٹر جنرل نے ای کچہری کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جو خواتین وحضرات آج کی ای کچہری میں حصہ نہیں لے سکے وہ اپنی شکایات ڈی جی سی اے کو یا pmdu@caapakistan.com.pk پر بھجوائیں ان کی شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ای کچہری کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ حکام نے گزشتہ ای کچہری کے دوران اٹھائے گئے سوالات اور شکایات کے ازالے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔