
کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے ون ونڈو سنٹر سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، سیکریٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ
یہ سرمایہ کاری میں فروغ کے لئے بھی احسن قدم ثابت ہو گا،ون ونڈو سنٹر میں تاجروں اور صنعت کاروں کو نئی صنعت لگانے،این او سیز کے اجراء، جگہ کے انتخاب سمیت تمام مسائل کا حل ایک ہی چھت تلے فراہم کیا جائے گا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکریٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ کی زیر صدارات ون ونڈو سنٹر بارے جائزہ اجلاس ہوا، ایڈشنل سیکریٹری کامرس زوہیب مشتاق، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن اور ڈی جی پی آئی ٹی بی میڈیم صائمہ شیخ نے ون ونڈو سنٹر بارے بریفنگ دی، سیکریٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ نے اجلاس میں بتایا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے ون ونڈو سنٹر سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی،اس کے قیام سے فائلیں اٹھا کر دفتروں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ سرمایہ کاری میں فروغ کے لئے بھی احسن قدم ثابت ہو گا،ون ونڈو سنٹر میں تاجروں اور صنعت کاروں کو نئی صنعت لگانے،این او سیز کے اجراء، جگہ کے انتخاب سمیت تمام مسائل کا حل ایک ہی چھت تلے فراہم کیا جائے گا،تمام اداروں کے نمائندے ایک ہی جگہ موجود ہوتے ہوئے صنعت کاروں کو درپیش مسائل کا حل نکالیں گے، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ون ونڈو سنٹر کے لئے 8 مقامات میں سے ایک جگہ کا جلد انتخاب کر لیا جائے گا، سرمایہ کاری کرنے والوں کی سہولت کے لئے ویب سائٹ بھی بنائی جا رہی ہے،اسٹیٹ آف دی آرٹ ون ونڈو سنٹر شہر کے وسط میں بنایا جائے گا، ایسا مثالی ادارہ قائم کیا جائے گا جو ایک ہی چھت تلے کاروباری افراد کو تمام سہولیات فراہم کرے گا، سیکرٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ نے صنعت کاروں کی سہولت کے پیش نظر ون ونڈو سنٹر کو جلد از جلد پایہ تکمیل پر پہنچانے کی ہدایت کی، پی آئی ٹی بی آن لائن پروسیسنگ،ای سروس کی سہولت بھی فراہم کرے گا،اجلاس میں ایڈشنل سیکریٹری کامرس،ڈپٹی سیکرٹری کامرس، فیڈمک،پیڈمک، پی آئی ٹی بی، پی بی آئی ٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔