اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

علامہ اقبال میڈیکل کالج کا 21ویں کانووکیشن،پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم مہمان خصوصی

آج تمام کامیاب ہونے والے فریش میڈیکل گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں۔کانووکیشن کا دن ایک فریش میڈیکل گریجوایٹ کیلئے بہت اہم ہوتا ہے۔علامہ اقبال میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے علامہ اقبال میڈیکل کالج کے 21ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا استقبال کیا۔کانووکیشن میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خان، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد سمیت فریش میڈیکل گریجوایٹس کے والدین موجود تھے۔علامہ اقبال میڈیکل کالج کے 21 ویں کانووکیشن کا باقاعدہ آغاز قومی ترانہ، تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔علامہ اقبال میڈیکل کالج کے 21 ویں کانووکیشن میں 350 طلباء و طالبات نے فریش گریجوایٹس ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے نمایاں فریش میڈیکل گریجوایٹس کے درمیان گولڈ میڈلز، سلور میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔بیسٹ میڈیکل گریجوایٹ عمارہ احمد اسد نے 19 گولڈ اور 3 سلور میڈلز جیتے۔ اس موقع پرپرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے 21 ویں کانووکیشن میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات سے خدمت انسانیت کا حلف بھی لیا۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے علامہ اقبال میڈیکل کالج کے 21 ویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج تمام کامیاب ہونے والے فریش میڈیکل گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں۔کانووکیشن کا دن ایک فریش میڈیکل گریجوایٹ کیلئے بہت اہم ہوتا ہے۔علامہ اقبال میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے مجھے پانچ سال علامہ اقبال میڈیکل کالج کے ذریعے مریضوں کی خدمت کرنے کا بہترین موقع دیا۔علامہ اقبال میڈیکل کالج کو نیکسٹ لیول تک پہنچانے کیلئے خون اور پسینہ ایک کر دیا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ اللہ پاک کی ذات کو دیکھ کر انسان کو خواب دیکھنے چاہئیں۔ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھ کر ان کا علاج کریں۔ آج میرا پیغام کامیاب ہونے والی بچیوں کیلئے ہے۔ طب کے پیشہ سے وابستہ ہماری بچیوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔حکومت سرکاری طبی درسگاہوں میں ہر ایک طالب علم پر سوا کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔ اپنی بچیوں کے رشتے روشن خیال خاندانوں میں کرنے چاہئیں جہاں بیٹیوں کو قوم کی خدمت کرنے کی اجازت ہو۔امید ہے فریش میڈیکل گریجوایٹس علامہ اقبال کے ویژن کے مطابق قوم کی خدمت کریں گے۔
پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج علامہ اقبال میڈیکل کالج کے 21 ویں میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو خوش آمدید کہتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج پہلے دن سے طلباء و طالبات کو بین الاقوامی سطح کی تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج کے اساتذہ کا شمار شاندار فیکلٹی ممبران میں ہوتا ہے۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج میں طلباؤ طالبات اور جناح ہسپتال میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اپنے آپ کو وقف کر رکھا ہے۔گزشتہ ایک سال کے دوران علامہ اقبال میڈیکل کالج کی بہتری کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے کہاکہ آج کے کانووکیشن کو کامیاب بنانے والی آرگنائزنگ کمیٹی کے تمام ممبران کو مبارکباد اور شاباش دیتا ہوں۔ 26 اکتوبر 2023 کو ریٹائر تو ہونے جا رہا ہوں لیکن علامہ اقبال میڈیکل کالج کی شاندار یادیں اپنے دل میں ہمیشہ کیلئے بسا کر لے جاؤں گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button