عامر خان کے بیٹی کے ہمراہ تھیراپی سیشنز، ’ذہنی تکلیف میں ہیں تو ضرور مدد لیں‘
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق عامر خان کی بیٹی آئرہ خان نے ذہنی صحت کے لیے ایک غیرمنافع بخش تنظیم ’آگسٹو‘ قائم کی ہے جس کی وہ خود چیف ایگزیکٹیو بھی ہیں۔
بالی وُڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے بتایا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ ذہنی ڈپریشن اور ذہنی صحت کے لیے تھیراپی (علاج) کروا چکے ہیں۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق عامر خان کی بیٹی آئرہ خان نے ذہنی صحت کے لیے ایک غیرمنافع بخش تنظیم ’آگسٹو‘ قائم کی ہے جس کی وہ خود چیف ایگزیکٹیو بھی ہیں۔
اس سے پہلے بھی آئرہ خان ذہنی صحت اور ڈپریشن کے مسئلے پر بہت زیادہ سرگرم دکھائی دیتی تھیں۔
آئرہ خان کے مطابق ان کی اس آرگنائزیشن کا مقصد عوام میں ذہنی مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
اسی سلسلے میں آئرہ خان نے اپنے والد کے ہمراہ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو میسج شیئر کیا جس میں دونوں باپ بیٹی نے ذہنی مسائل پر بات کی۔
عامر خان اس ویڈیو میں کہتے ہیں کہ زندگی میں ایسے بہت سے کام ہیں جو ہم خود نہیں کر پاتے اور ہمیں کسی اور انسان کی مدد چاہیے ہوتی ہے جو وہ کام جانتا ہے۔
اپنی ویڈیو میں انہوں نے مختلف کاموں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بال کٹوانے یا دیگر کاموں کے لیے انہی کے پاس جانا پڑتا ہے جو اس میں مہارت رکھتے ہیں اور اس حوالے سے فیصلہ بھی بہت آسانی سے کر لیتے ہیں۔
ساتھ ہی ان کی بیٹی آئرہ خان نے کہا کہ اسی طرح سے ’جب ہمیں ذہنی یا جذباتی مدد کی ضرورت پڑتی ہے تو ہمیں ایسے انسان کے پاس جانا چاہیے جو ہماری مدد کر سکتا ہو۔‘
اس ویڈیو میں عامر خان نے بتایا کہ وہ اور ان کی بیٹی آئرہ کئی برسوں سے تھیراپی کروا رہے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر کوئی جذباتی یا ذہنی تکلیفوں سے گزر رہا ہے تو ایسے شخص سے رجوع کریں جو مدد کر سکے اور اس حوالے سے ٹریننگ لی ہوئی ہو۔
آئرہ خان کی آرگنائزیشن کے بارے میں کچھ روز قبل سلمان خان نے بھی بات کی تھی اور ان کی اس کوشش کو سراہا تھا۔
سلمان خان نے انسٹاگرام سٹوری پر آئرہ خان کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’کمال ہے یار! بچے بڑے ہوگئے ہیں، بڑے مضبوط ہوگئے ہیں، بڑے سمجھدار بھی۔‘
خیال رہے آئرہ خان نے اپنی آگسٹو فاؤنڈیشن کی بنیاد 2021 میں رکھی تھی۔