
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں سالانہ امتحانات کا آغاز، 5 لاکھ 94 ہزار 784 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک
اس موقع پر وفاق المدارس کے ناظم اعلٰی مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ وفاق المدارس نے امتحانات کا ایسا شفاف نظام متعارف کروایا ہے جو بوٹی مافیا،نقل،لڑائی جھگڑے،پیپر آئوٹ ہونے سمیت دیگر ہر طرح کی قباحتوں سے پاک ہے
اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):دینی مدارس کے سب سے بڑے امتحانی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا،5 لاکھ 94 ہزار 784 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہیں،ملک بھر میں 3207 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں،جن میں 18971 افراد پر مشتمل عملہ خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ وفاق المدارس کے صدر مفتی محمد تقی عثمانی،نائب صدر مولانا انوار الحق،ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری،نائب صدر مولانا سعید یوسف،ناظم پنجاب مولانا قاضی عبدالرشید،ناظم سندھ مولانا امداداللہ،ناظم خیبر پختونخوا مولانا حسین احمد،ناظم بلوچستان مولانا صلاح الدین اور ناظم گلگت بلتستان مولانا قاضی نثار احمد سمیت دیگر قائدین اور ذمہ داروں نے متعدد مقامات پر امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاق المدارس کے ناظم اعلٰی مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ وفاق المدارس نے امتحانات کا ایسا شفاف نظام متعارف کروایا ہے جو بوٹی مافیا،نقل،لڑائی جھگڑے،پیپر آئوٹ ہونے سمیت دیگر ہر طرح کی قباحتوں سے پاک ہے۔ انہوں نے نگرانی پر مامور عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری سے سرانجام دیں اور نگرانی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کا امتحانی نظام دیگر تعلیمی بورڈز کے لئے بھی قابل تقلید ہے۔
انہوں نے میڈیا سمیت تمام طبقات کے نمائندوں کو دعوت دی کہ وہ ہمارے امتحانی نظام کا قریب سے جائزہ لینے کے لئے امتحانی مراکز کا دورہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ وفاق المدارس کے امتحانی نظام میں تبدیلیاں بھی کی جاتی ہیں، ہم نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ امتحانی سسٹم متعارف کروایا ہے۔انہوں نے اس موقع پر امتحانی عملے کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو شدید سردی اور بعض پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باوجود اپنی ڈیوٹی پوری ایمانداری اور جانفشانی سے سرانجام دے رہے ہیں۔