مشرق وسطیٰ

تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کیلئے پنجاب حکومت متحرک، افسران کومانیٹرنگ کیلئے فیلڈ میں جانے کا حکم

ڈپٹی کمشنرز کو سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اشیاء خورونوش کے نئے نرخ اور ٹرانسپورٹ کرائے نوٹیفائی کرنے کی ہدایت, پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیاء خورونوش کے نرخوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی لائی جائے۔چیف سیکرٹری

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچانے کیلئے پنجاب حکومت نے تمام انتظامی افسران کو فیلڈ میں جا کر اشیاء ضروریہ کے نرخوں کی مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کر دیں۔
یہ ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدڈپٹی کمشنرزکے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کیں جس میں صنعت، زراعت، لائیو سٹاک سمیت دیگرمحکموں کے سیکرٹریز، ڈی آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیاء خورونوش کی قیمتو ں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور راولپنڈی میں پھل وسبزی منڈی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔  
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے اشیاء کی نقل و حرکت کے اخراجات کم ہوں گے جس کے تناسب سے اشیاء خورونوش کے نرخوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی لائی جائے۔
 چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اشیاء خورونوش کے نئے نرخ اور ٹرانسپورٹ کرائے نوٹیفائی کرنے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کیلئے انتظامی افسران کو متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا، سپیشل برانچ اور اربن یونٹ پرائس کنٹرول کے حوالے سے مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں جاری رکھیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں اوراشیاء کی قیمتوں کیساتھ طلب اوررسد پر بھی کڑی نظر رکھیں۔انہوں نے محکمہ صنعت سے مختلف شہروں میں سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں فرق کی وجوہات سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی۔سیکرٹری صنعت احسان بھٹہ نے اجلاس کوبریفنگ میں بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث اگلے دو سے تین روز میں اشیاء کے نرخوں میں کمی آنا شروع ہوگی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button