اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

عام انتخابات کے انعقاد کا معاملہ: نگراں وزیرِ اطلاعات کا تحریک انصاف سے رابطہ

پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق ’نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی خواہش پر پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شفقت محمود نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر اُن سے ملاقات کی۔‘

نگراں حکومت نے ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے رابطہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق ’نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی خواہش پر پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شفقت محمود نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر اُن سے ملاقات کی۔‘
’ملاقات میں صاف شفاف الیکشن کے انعقاد، سیاسی جماعتوں کے لیے انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع کی فراہمی اور وسیع قومی مفاہمت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔‘
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئےبتایا کہ ’شفقت محمود نے ان سے ملنے کے لیے اپنی جماعت سے باضابطہ اجازت لی۔‘
’اس ملاقات کے دوران انتخابات کے پرامن انعقاد، چارٹر آف اکانومی اور ملکی مسائل کے حل کے لیے ہم آہنگی سے متعلق بات چیت ہوئی۔‘
مرتضٰی سولنگی کا کہنا تھا کہ ’وہ انتخابات کے لیے سازگار ماحول بنانے کی غرض سے تمام جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔‘
پی ٹی آئی کے مطابق ’صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں نگراں حکومت کی دلچسپی اور اس حوالے سے نگراں حکومت کے فرائض پر بھی بات چیت ہوئی۔‘
اس موقع پر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ’تحریک انصاف کو آئین و قانون کی روشنی میں انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں جبکہ دیگر جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے جلوسوں کی کُھلی آزادی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کو برابری کی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کے مواقع نہیں مل رہے۔ پارٹی دستور کے مطابق الیکشن کے صاف اور شفاف انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔‘
’قومی سطح پر مفاہمت کے فروغ کا انحصار دستور کی بالادستی اور جمہوریت کی بقا اور تسلسل پر ہے، اور یہ قومی مفاہمت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔‘
تحریک انصاف کے سینیئر رہنما کا کہنا تھا کہ ’انتخابات کی افادیت ان کے آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انعقاد کی مرہونِ منت ہے۔‘
شفقت محمود کے مطابق ’آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے لیے تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں ماحول اور مساوی مواقع کی فراہمی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔‘
پی ٹی آئی کے رہنما کے مطابق ’ناہموار ماحول میں منعقد کروائے گئے انتخابات عوامی سطح پر ساکھ اور قبولیت سے محروم رہیں گے۔‘
’منصفانہ ٹرائل اور انصاف تک مکمل رسائی کو بھی آزادانہ و منصفانہ الیکشن کے ہدف کے حصول میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔‘
شفقت محمود اور مرتضیٰ سولنگی کی ملاقات میں قومی سطح پر ہم آہنگی اور مفاہمت کے فروغ کے امکانات، اہمیت اور ضرورت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی۔
اس سے قبل منگل کو ہی پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔
’ایکس‘ پر ایک بیان میں رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ’بیرسٹر عمیر نیازی کے ہمراہ صدر سے ملاقات میں قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button