مشرق وسطیٰ

چیف سیکرٹری کا ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاون تیز کرنے کا حکم

اجلاس میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور دستیابی کاجائزہ، نرخوں کے موازنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب،  سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے آپریشن جاری ہے، مختلف اضلاع میں بڑی مقدار میں ذخیرہ کی گئی اشیاء برآمد، بریفنگ

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کیخلاف جاری کریک ڈاون تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ مختلف شہروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں فرق کی بنیادی وجہ سپلائی کی کمی ہے، قیمتوں میں استحکام کیلئے ڈپٹی کمشنرز آپس میں رابطہ کار بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی میں انتظامی افسران کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ چیف سیکرٹری نے اربن یونٹ کو اشیاء کے نرخوں کے موازنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
سیکرٹری صنعت احسان بھٹہ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اشیاء ضرور یہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے کہا کہ صوبہ بھر میں سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے اورمختلف اضلاع میں بڑی مقدار میں ذخیرہ کی گئی اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔اجلاس میں صنعت، خوراک، زراعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، سی ای او اربن یونٹ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button