
پی ایچ اے کا 250 ایکڑ کے باغ میں زیتون کاشت کا منصوبہ
پی ایچ اے نے مالی خودمختاری کے لیۓ منظم ادارہ جاتی پلان ترتیب دے دیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور نے حکومتی فنڈنگ پر انحصار کم کرنے کے لیۓ مالی خود مختاری کا ادارہ جاتی ماڈل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو کی سربراہی میں پی ایچ اے نے اضافی مالی وسائل کے حصول کے لیۓ مختلف اقدامات کیۓ ہیں۔
اس حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ پی ایچ اے نے معاشی خود کفالت کے ایجنڈے کے تحت گلبرگ مین بولیوارڈ پر نو ایکڑ رقبہ پر محیط کمرشل نرسری قائم کر دی ہے جس میں شہریوں کی سہولت کے لیۓ مختلف اقسام کے درخت اور پھولوں کے پودے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ائیرپورٹ کےنزدیک 250 ایکڑ کے فروٹ گارڈن میں زیتون کے درخت لگانے کی تجویز زیرِ غور ہے جس کو کاروباری بنیادوں پر استعمال میں لایا جائے گا۔ اس طرح فوڈ سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے غیر ملکی زرِ مبادلہ کی بچت ہو گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پی ایچ اے دیدہ زیب پلانٹرز بنانے اور بجلی کے ٹرانسفارمرز کی ان-ہاؤس مرمت کی سہولت کا بندوبست بھی کر رہا ہے جس سے وسائل کی مزید بچت ہو گی۔