
جسمانی صحت کے لئے کھیل بہت ضروری ہیں، وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود
انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈسمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر اتنا شاندار ایونٹ منعقد کروایا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):وائس چانسلر پنجاب پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ جسمانی صحت و ذہنی نشوونما کیلئے کھیل بہت ضروری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام 47سپورٹس کے اشتراک سے آل پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے نیو کیمپس کرکٹ گراؤنڈ میں خطاب کرر ہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپورٹس پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ، ایڈیشنل ڈائریکٹر زبیر بٹ، ڈائریکٹر شعبہ امور طلباء ڈاکٹر محمد علی کلاسرا، میاں بلال خالد، راحت عباس اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے متحرک کردا ر ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈسمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر اتنا شاندار ایونٹ منعقد کروایا۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں دیگر کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے شعبہ سپورٹس کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹرسپورٹس پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ نے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے تعاون سے پنجاب یونیورسٹی کے طلباء میں مثبت سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب یونیورسٹی طلباء کے لئے کھیلوں کے ایونٹس منعقدکروانے میں تعاون کرنے والے اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایونٹ میں فرسٹ کلاس اور نیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل 16ٹیمیں حصہ لے رہی فاتح ٹیم کو دو لاکھ اور رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔