پیٹرولیم مصنوعات میں کمی،چیف سیکرٹری کا اشیاء خورونوش کے نئے نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم
مسافر بسوں میں کرایوں میں کمی کی لسٹیں آویزاں کرائی جائیں،گرانفروشی کی صورت میں متعلقہ پرائس مجسٹریٹ جوابدہ ہوگا صارفین کی سہولت کیلئے صوبہ میں 144اہم بازار نوٹیفائی کئے گئے ہیں جہاں ضلعی انتظامیہ عملہ تعینات کریگی، اجلاس کو بریفنگ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں نئے جاری ہونے والے نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔اجلاس میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ مسافر بسوں میں کرایوں میں کمی کی لسٹیں آویزاں کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کی صورت میں متعلقہ پرائس مجسٹریٹ جوابدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں اشیاء کی قیمتوں کا خود تعین کرتے ہیں، ان نرخوں پر عملدرآمد کرانا بھی انکی ذمہ داری ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، گورننس سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے انتظامی افسران اپنا کردار ادا کریں۔چیف سیکرٹری نے تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔
سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ صارفین کی سہولت کیلئے صوبہ میں 144اہم بازار نوٹیفائی کئے گئے ہیں،ان بازاروں میں ضلعی انتظامیہ عملہ تعینات کریگی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 سے 10فیصد کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوور چارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کئے جائیں گے۔اجلاس میں صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔