
کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد)کے وفد کی ملاقات
ملاقات میں آباد کے راہنماؤں نے ایل ڈی اے کے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز میں بہتری بارے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں ورکنگ گروپ بنانے اور پیش کی گئی تجاویز کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرائیویٹ سیکٹر کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قوانین میں بہتری لائی جائے گی۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد)کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں آباد کے راہنماؤں نے ایل ڈی اے کے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز میں بہتری بارے اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں آباد کے ممبرز نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلڈنگ ریگولیشز اور پرائیویٹ سکیمز رولز کو رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور شہریوں کے لیے یوزر فرینڈلی بنایا جائے۔ وفد کے ممبران نے کہا کہ کنسٹرکشن سیکٹر کے ساتھ 50 سے زائد انڈسٹریز منسلک ہیں۔شہر میں نئے منصوبے لگانے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور معیشت کا پہیہ بہتر انداز میں چلے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے صوبائی دارالحکومت کو مزید خوبصورت بنائیں گے۔ اجلاس میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں رہائش پذیر شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور مانیٹرنگ کا میکانزم مرتب کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قوانین میں بہتری لائی جائے گی۔ ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت کاروباری و رہائشی افراد کو آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں ورکنگ گروپ بنانے اور پیش کی گئی تجاویز کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ملاقات میں معروف سماجی شخصیت گوہر اعجاز، چیئرمین لیسکوحافظ نعمان، چیئرمین نارتھ ریجن آباد سلطان گوہر، سیکرٹری آباد کامران شجاع، ممبر ایل ڈی اے گورننگ باڈی انجینئر اکبر شیخ و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عثمان غنی، ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ کیپٹن (ر) شاہمیر اقبال ،چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ ندیم اختر زیدی، چیف ٹاؤن پلانر شکیل انجم منہاس اور متعلقہ افسران موجود تھے۔