
ڈاکٹر جمال ناصر کی وفاقی وزیر صحت ندیم جان سے ملاقات
ایواسٹن انجکشن کی تحقیقات پر بریفنگ دی ، انجکشن کی سپلائی چین کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، ڈاکٹر جمال ناصر ، وفاقی وزیر کو پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں بتایا
راولپنڈی پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے نگران وفاقی صحت ندیم جان سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور ایواسٹن (Avastin) انجکشن سے پھیلنے والی آنکھوں کی انفیکشن کے بعد حکومت پنجاب کی کاروائی، صوبہ میں ڈینگی کی صورتحال اور ادویات کی دستیابی کے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ بروقت اقدامات کی بدولت انجکشن کے استعمال کو مکمل طور پر روک دیا گیا ہے اور انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کہیں مسئلہ انجکشن میں ہے یا پھر اس کی سپلائی چین میں کہیں مسئلہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ کہیں انجکشن لگانے کے عمل میں تو کوئی کوتاہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے جب تک باقاعدہ تحقیقات کے بعد اصل حقائق تک نہیں پہنچا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیبارٹری کے نتائج اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں سخت قانونی کارروائی عمل لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرِ صحت کی ہدایات کے مطابق تمام صوبے صحت عامہ کے شعبہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفیکشن کا باعث بننے والے انجکشن کے حوالے سے وفاقی وزرات صحت نے بھی تمام فوری اقدامات میں مکمل تعاون کیا ہے۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈینگی کی صورتحال پنجاب میں مکمل کنٹرول میں ہے، بروقت اقدامات کرتے ہوئے ڈینگی لاروا کو تلف کیا گیا ہے اور تمام ہاٹ سپاٹس کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا آئندہ چند ہفتوں میں ڈینگی کی روزانہ مریضوں میں بھی کمی آنی شروع ہو جائے گی۔