
صوبائی وزراء رانا سکندر حیات اور رمیش سنگھ اروڑہ کا دورہ فیصل آباد
گورنمنٹ پاکستان ماڈل ہائی سکول اور گوردوارہ کا وزٹ
پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گزشتہ روز فیصل آباد کا مشترکہ دورہ کیا اور گورنمنٹ پاکستان ماڈل ہائی سکول کا معائنہ کیا۔صوبائی وزراء نے سکول کے دورے کے دوران عمارت کے مختلف تاریخی حصوں کا جائزہ لیا۔صوبائی ورزاء نے سکول کے تدریسی وانتظامی امور پر بھی بریفنگ بھی لی۔ بعدازاں صوبائی وزراء نے کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ شعبہ تعلیم کی ترقی اولین ایجنڈا ہے جس کے لئے دوررس نتائج کے حامل اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن افسران اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور سکولوں کے وزٹس کو معمول بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تدریسی امور کی جانچ پڑتال اور کمی کو دور کرائیں۔طالب علموں کو معیاری تعلیم کے ساتھ اعلی اخلاقی اقدار کا پاسدار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ درپیش مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نےارکان اسمبلی اور مسلم لیگی رہنمائوں کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ شعبہ تعلیم کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔دونوں وزراء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باہم رواداری اور اخوت کا مظہر ملک ہےاور آج کے دورہ کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں ہر مذہب کے پیروکاروں کو عزت دی جاتی ہے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ تاریخی عمارات کی تزئین وبحالی کے ساتھ ساتھ اس ورثے کو محفوظ کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسا سکول بنانا چاہتے ہیں جس میں سکھ اور مسلمان برادری اکٹھی تعلیم حاصل کرے تاکہ باہم رواداری کو فروغ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی بہت زیادہ کمی ہے گذشتہ چھ سال سے ایک بھی استاد بھرتی نہیں کیا گیا اور اب ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ کی دستیابی کے لئے ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔وزیرتعلیم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا ویژن پڑھا لکھا اور معیاری تعلیم کا حامل پنجاب ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی صورت بھی سکولوں میں قبضہ مافیا کو برداشت نہیں کیا جائے اور تجاوزات کو فوری ہٹا کر ان کی جگہ خوبصورت ماڈلز بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں ہراسمنٹ کے کیسز کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے۔ہم شکایت سیل اور پورٹل بنارہے ہیں جس میں ہراسمنٹ کی ممکنہ شکایات درج ہونگی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔وزیرتعلیم نے کہا کہ اگرچہ بیشتر سکولوں میں ابھی کتابیں دستیاب نہیں لیکن کتابوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اسی سال بوٹی مافیا کا خاتمہ کردیں گے تاکہ لائق طلباء وطالبات کو ان کا حق نل سکے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ میرٹ پر سی ای او ایجوکیشن لگانے کے لئےٹیسٹ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے اور یہ عمل میرٹ کے اصولوں کی سخت پابندی کرتے ہوئے کیا جائے گا۔صوبائ وزیراقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان ماڈل سکول کا وزٹ کرنے کا مقصد تھا کہ گردوارہ اور سکھ قوم کے ورثہ کو محفوظ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان رواداری،اخوت اور بھائی چارے کی فضاء رکھنے والا ایک مثالی ملک ہے۔سکھ کمیونٹی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول کی خوبصورت بلڈنگ کی مزید بحالی کا کام کیا جانا چاہیے اور ہم یہاں بابا گرونانک کے پیغام کو جوڑنے اور خدمت کرنا کے جذبے کے ساتھ آئے ہیں۔